امارات میں تخلیقی کمپنیوں کی تعداد پانچ برس میں دگنی کرنے کا منصوبہ
’دبئی کریٹیو اکانومی سٹرٹیجی‘ کا اعلان کیا گیاہے( فوٹو اے ایف پی)
دبئی نے امارات میں تخلیقی کمپنیوں کی تعداد کو اگلے پانچ برسوں میں دگنی کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امارات کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ’دبئی کریٹیو اکانومی سٹرٹیجی‘ کا اعلان کیا تاکہ اس شعبے کی جی ڈی پی شراکت کو 2025 تک 5 فیصد تک بڑھایا جا سکے جو 2020 میں 2.6 فیصد تھی۔
اس سٹرٹیجی کا مقصد امارت میں 15 ہزار کمپنیوں اور 14 ہزار پیشہ ور افراد کو راغب کرنا ہے۔
کریٹیو اکانومی میں پبلشنگ، آڈیو ویژول اور پرنٹ میڈیا، فنکارانہ اور ثقافتی صنعتوں کے ساتھ ساتھ سافٹ ویئر اور ویڈیو گیم انڈسٹری کے کاروبار میں ملوث کمپنیاں اور پیشہ ور افراد شامل ہیں۔
امارات مزید تخلیق کاروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو راغب کرنے کے لیے اپنے قانونی اور سرمایہ کاری کے ماحول کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم ہمیشہ دنیا بھر سے تخلیقی افراد اور کمپنیوں کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ان کے لیے ایک مناسب ماحول فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ وہ اپنے خوابوں، آرزووں اور تخلیقی صلاحیتوں کو ایک پائیدار معاشی وسائل میں تبدیل کرسکیں۔‘
دبئی نے میڈیا اور تخلیقی پیشہ ور افراد کو طویل عرصے سے اس شہر کی طرف راغب کیا ہے ان میں سے بہت سارے ’فری زونز‘جیسے دبئی میڈیا سٹی، دبئی سٹوڈیو سٹی اور دبئی ڈیزائن ڈسٹرکٹ میں کام کرتے ہیں۔