فیس ماسک سے خادمہ کی چوری پکڑی گئی
’خادمہ کے کمرے کی تلاشی لینے پر کئی قیمتیں چیزیں برآمد ہوتی گئیں‘ ( فوٹو: سبق)
دبئی میں فیس ماسک کی مدد سے ایک عجیب وغریب قسم کی چوری پکڑی گئی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق جی سی سی ممالک سے تعلق رکھنے والی خاتون نے کہا ہے کہ اس کی خادمہ اس کے کمرے سے مسلسل چوریاں کرتی رہی ہے۔
اس کا انکشاف اسے اس وقت ہوا جب اس نے اپنا مخصوص نقش ونگار والا فیس ماسک خادمہ کے کمرے میں دیکھا۔
پوچھنے پر خادمہ پہلے ہڑبڑائی مگر بعد میں کہا کہ اس کی مالکن نے خود اسے دیا ہے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ ’خادمہ کی بات سے مجھے شک ہوا کیونکہ میں نے اسے اپنا ماسک نہیں دیا، اس پر میں نے خادمہ کے کمرے کی تلاشی لینا شروع کردی‘۔
’تلاشی کے دوران میری متعدد قیمتی چیزیں خادمہ کے کمرے سے برآمد ہوتی گئیں جو مجھ سے کھو چکی تھیں‘۔
’میرے کئی موبائل، میرا آئی پیڈ، کچھ جیولریز ، قیمتی چشمے اور دیگر چیزیں مجھے ملیں‘۔
’میں نے فورا پولیس کو اطلاع کردی جس نے آکر خادمہ کو گرفتار کرلیا، تفتیش کے دوران اس نے اقرار کیا وہ مسلسل چوریاں کرتی رہی ہے‘۔