امارات کے سٹورز میں کھانے پینے کی اشیا پر 25 سے 75 فیصد رعایت
’افسران نے ابو ظبی اور دبئی میں پھلوں اور سبزیوں کی مارکیٹوں کے نمائندوں سے ملاقات کی تاکہ رمضان میں اشیائے خور و نوش دستیاب رہیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات بھر کے سٹورز ماہ رمضان کے دوران چاول، گوشت اور چینی سمیت کھانے پینے کی اشیا پر 25 سے 75 فیصد رعایت دی جائے گی۔
سرکاری نیوز ایجنسی وام نے اماراتی وزارت معیشت کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’نئے قواعد پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے 420 معائنے کیے جائیں گے۔‘
وزارت معیشت کے شعبہ کمپٹیشن اور کنزیومر پروٹیکشن کے ڈائریکٹر مروان السبوسی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ’اس حوالے سے وزارت کے حکام نے تاجروں سے ملاقات کی اور انہیں اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف تنبیہہ کی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’افسران نے ابو ظبی اور دبئی میں پھلوں اور سبزیوں کی مارکیٹوں کے نمائندوں سے ملاقات کی تاکہ رمضان میں اشیائے خور و نوش دستیاب رہیں۔‘
السبوسی کے مطابق ’صارفین کے تحفظ کے لیے کئی اقدامات کا جائزہ لیا گیا ہے۔‘
دبئی میں رمضان کے دوران روزانہ 17 ہزار ٹن جبکہ ابو ظبی میں 5 ہزار ٹن سبزیاں اور پھل درآمد کیے جاتے ہیں جبکہ اس وقت ان کا دستیاب ذخیرہ تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار ٹن ہے۔