Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ:خاک طیبہ ٹرسٹ کے 3 ٹرسٹیز کی الوداعی تقریب

 
 نوجوانوں کے جوش اور جذبہ ایمانی نے ہمیں نئی سوچ اور نئی اسپرٹ دی ، نئی نسل تعلیم سے جڑ رہی ہے ، پسماندہ لوگوں کے بارے میں سوچنا زندہ قوموں کی نشانی ہے،مقررین کا خطاب
 
جدہ ( امین انصاری )خاک طیبہ ٹرسٹ کے 3 ٹرسٹیز عظمت اللہ ،محمد عظیم الدین قریشی اور ڈاکٹر حسیب اللہ کی وطن عزیز (حیدرآباد دکن) واپسی پر انجینیئر اعجاز احمد خان نے مقامی ہوٹل میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا ۔ تقریب میں مہمانوں کے علاوہ مقامی ٹرسٹیز اور خاک طیبہ کے اراکین و کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ۔اعجاز احمد خان نے شرکاءمحفل کا استقبال کیا ۔اس موقع پر خاک طیبہ ٹرسٹ کے ذمہ داران اور بھوپال میں قائم النور ٹرسٹ کے ذمہ دارا ن میں ایک معاہدہ ہوا جس میں خاک طیبہ ٹرسٹ، بھوپال میں النور ٹرسٹ کا منشور، تنظیمی طریقہ کار، فلاحی ، سماجی ، معاشی اور تعلیمی شعبوں کو چلانے کے طریقے کی رہنمائی کرے گا اور اپنے مشورے اور ہدایات سے النور ٹرسٹ کو چلائے گا۔ بھوپال کے کیپٹن فرحت صدیقی نے کہا کہ برسوں سے میں خاک طیبہ ٹرسٹ کی کارکردگی کو جدہ میں دیکھ رہا ہوں ۔ مجھے خوشی ہے کہ اس کے تمام ارکان صدق دل اور پورے جوش و جذبے سے اللہ کی راہ میں خدمت انجام دے رہے ہیں۔ اسی اسپرٹ اور تڑپ کو دیکھتے ہوئے میں ٹرسٹ سے وابستہ ہوا اور میری عین خواہش تھی کہ میرے شہر بھوپال میں بھی فلاحی ، سماجی اور معاشی و تعلیمی کام ہو چنانچہ النور ٹرسٹ بھوپال قائم کیا گیا لیکن اس کو فعال اور متحرک بنانے کیلئے خاک طیبہ ٹرسٹ کے ذمہ داران سے سرپرستی اور رہنمائی کرنے کیلئے ایک معاہدہ کیا گیا ۔ سید خواجہ وقار الدین نے کہا کہ یوں تو ٹرسٹ کی جانب سے تقاریب جدہ میں منعقد ہوتی رہتی ہیں لیکن خاص کر حیدرآباد سے3 اہم ٹرسٹیز کی شرکت نے ہمارے حوصلے بلند کئے ۔ شمیم کوثر نے کہا کہ نئی کمیٹی سے ہمیں بہت سی امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ اس کمیٹی کے اراکین کے حوصلے بہت بلند ہیں ۔ڈاکٹر سید علی محمو دنے کہا کہ ٹرسٹ کے قیام سے آج تک ٹرسٹ ترقی کی منازل طے کرتا جارہا ہے جس کیلئے اراکین کے ساتھ ساتھ اہل جدہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ جدہ میں رہ کر وطن عزیز میں اسکول کا قیام اور سلائی سنٹرز کے ادارے قائم کرنے میں تمام حیدرآبادیوں کا اہم کردار ہے ۔چیئرمین خاک طیبہ ٹرسٹ عظمت اللہ آئی اے ایس آفیسر نے ذمہ داران ٹرسٹ اور اہل جدہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا یہ دورہ ہر لحاظ سے کامیاب رہا ۔ ہم نے بہت سے فیصلے کئے ، نئی کمیٹی تشکیل دی اور جدہ کے نوجوانوں سے ملاقات رہی جن کے جوش اور جذبہ ایمانی نے ہمیں ایک بار پھر 26 سال پیچھے کا زمانہ یاد دلادیا ۔محمد عظیم قریشی ڈائریکٹر محدث دکن اسکول نے تعلیم کی افادیت اور اس پر نوجوانوں سے ہونے والی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج کی نئی نسل تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کی خواہاں ہے جو بہت اچھی بات ہے ۔ڈاکٹر حسیب اللہ نے کہا کہ وطن سے دور رہ کر وطن عزیز کے پسماندہ لوگوں کے بارے میں سوچنا سچے مسلمان اور زندہ قوموں کی نشانی ہے ۔ اس الوداعی تقریب سے انجینئر سعید الدین اور عبدالقادر میمن نے بھی خطاب کیا جبکہ کسی بڑی تقریب میں پہلی مرتبہ نظامت کے فرائض کمسن ناظم یحییٰ وقار الدین کو دیئے گئے جنہوںنے برجستہ اشعار اور پراعتمادی کے ساتھ کارروائی کو کامیاب بنایا ۔محمود مصری نے مہمانوں کی شال پوشی کی اور شکریہ اداکیا ۔

شیئر: