کووڈ19 کا روشن پہلو، عوام صحت مند اور ماحول دوست رویے اپنا رہے ہیں
کووڈ19 کا روشن پہلو، عوام صحت مند اور ماحول دوست رویے اپنا رہے ہیں
اتوار 11 اپریل 2021 15:13
قدرتی جڑی بوٹیوں اور حلال مصنوعات کی طلب بڑھ رہی ہے۔۔(فوٹو عرب نیوز)
کورونا وبا کے بعد دنیا بھر میں صحت سے متعلق آگاہی میں اضافہ ہوا ہے۔ لوگ اب پہلے سے زیادہ حفظان صحت، صحت مند اور ماحول دوست رویے اپنا رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عوام بھی اپنی صحت بہتر بنانے اور بیماریوں سے بچنے کے لئے قدرتی مصنوعات تلاش کررہے ہیں جس کے نتیجے میں خوبصورتی سے متعلق مقامی ماحول دوست اور قدرتی اجزا سے تیار کردہ مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
2021 تا 2026 کے لئے سعودی بیوٹی مارکیٹ سے متعلق مورڈور انٹیلی جنس کی حالیہ پیش گوئی کے مطابق جدید، ماحول دوست پیکیجنگ اور ڈیزائنوں کے ساتھ ساتھ قدرتی جڑی بوٹیوں اور حلال مصنوعات کی طلب بھی بڑھ رہی ہے۔
جدہ میں موجود سن فارمیسی کی مالک ڈاکٹر امانی دغریری نےعرب نیوز کو بتایا ہے کہ کووڈ19 کے بعد لوگ فلاح و بہبود سے زیادہ واقف ہو رہے ہیں اور وہ صحت مند طرز زندگی چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ سن فارمیسی سعودی عرب میں اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہے جس نے مملکت میں تیار کردہ مکمل جڑی بوٹیوں سے ذاتی نگہداشت کی مصنوعات میں مہارت حاصل کی ہے۔
امانی دغریری نے بتایا کہ ہر بحران کا روشن پہلو ہوتا ہے۔ عالمی وبا نے خاص طور پر ای کامرس کی طرف منتقلی نے ہمیں آگے بڑھنے میں مدد دی ہے۔
امانی کا کہنا ہے کہ جلد ہمارے جسم کی قوت مدافعت کی پہلی محافظ ہے۔ کیمیکل لگانے سے یہ کمزور ہو جاتی ہے لیکن اگر جلد کو قدرتی مصنوعات پر مبنی غذا دی جائے تو اس کی چمک اور صحت برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
سن فارمیسی میں دغریری نے ٹوتھ پیسٹ، شیمپو اور روزمرہ استعمال کی دیگرمصنوعات طلب کرنے والی 20 تا 60 برس عمر کی خواتین صارفین پرخاص توجہ مرکوز کی ہے۔
دغریری نے کہا کہ قدرتی مصنوعات کی یہ مارکیٹ بہت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ علم پر مبنی ہنر ہے جو مہنگا ہوسکتا ہے لیکن اس کی قدر بہت زیادہ ہے۔
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگز اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے سن فارمیسی کو اجازت دی ہے کہ وہ اپنی لیبارٹری قائم کرکےمصنوعات تیار کرے۔
ایف ڈی اے نے گھر سے یا ذاتی جگہوں سے کام کرنے والے افراد کو فیکٹری بننے تک اپنی مصنوعات تیار کرنے کے لئے استثنا دے دیا ہے۔
دغریری کو اپنی مصنوعات کی تاثیر پر اعتماد ہے۔ وہ ان مصنوعات کو شفاف خوبصورتی کی صنعت میں سعودی عرب کے نمایاں برانڈ کی حیثیت سے ایک وسیع علاقے میں وسعت دینے کی امید رکھتی ہیں۔
اس کے علاوہ ایک اور سعودی نوجوان نے ایسنس کے نام سے اس میدان میں قدم رکھا ہے جو سعودی صارفین کو ذاتی دیکھ بھال کے لئے ہاتھ سے تیار کردہ مصنوعات پیش کرتے ہیں۔
ایسنس اپنی صارف خواتین کو جلد کی حفاظت کے لئے گھر میں تیار کردہ قدرتی ضروری تیل پیش کرتا ہے اس کے علاوہ یہاں مرد حضرات کے لئے مصنوعات کی تیاری کا منصوبہ بھی بن رہا ہے۔
دغریری کا مشورہ ہے کہ ایسی مصنوعات خریدنے سے باز رہیں جن کے تمام اجزا کی فہرست موجود نہ ہو کیونکہ تمام قدرتی اجزا ہر کسی کے لئے موافق نہیں ہوتے۔
ایسنس اور سن فارمیسی دونوں کو فخر ہے کہ مقامی سعودی برانڈز جوجدہ میں گھر سے شروع کئے گئے تھے، یہ دونوں'معروف' میں رجسٹرڈ ہیں۔
'معروف' ایسا پلیٹ فارم ہے جو وزارت تجارت اور آن لائن سٹور کے لئے سرمایہ کاری وزارت نے شروع کیا ہے۔
دغریری نے بتایا کہ جب میں نے کاروبارشروع کیا تھا تو میڈ ان سعودی عرب کا لیبل لگایا تھا۔ یہ لیبل جب اپنے باکسز پر چسپاں کرتی ہوں مجھے بے حد خوشی اور فخرمحسوس ہوتا ہے۔