Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بھیجی گئی رقوم میں ریکارڈ اضافہ، سعودی عرب پہلے نمبر پر

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ 5 ارب 70 کروڑ ڈالر کی ترسیلات بھیجیں (فوٹو: اے ایف پی)
رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر کا حجم 21 ارب روپے سے تجاوز کرگیا ہے جو کہ گذشتہ مالی سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں 43 فیصد زائد ہے۔
سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ 5 ارب 70 کروڑ ڈالر کی ترسیلات بھیجیں۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مارچ میں مسلسل دسویں ماہ ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہیں۔ مارچ میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے 2 ارب 70 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی ترسیلات زر بھیجی گئیں جو کہ فروری 2021 سے 20 فیصد جب کہ مارچ 2020 سے 43 فیصد زیادہ ہے۔

 

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے مارچ 2021 کے دوران ترسیلات زر کا حجم 21 ارب 50 کروڑ ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے جو کہ گذشتہ مالی برس کی اسی مدت سے 26 فیصد زیادہ ہے۔ جولائی سے مارچ 2021 کی زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب، یو اے ای، برطانیہ اور امریکہ سے آئیں۔
اس عرصے کے دوران سعودی عرب سے 5 ارب 70 کروڑ ڈالر، متحدہ عرب امارات سے چار ارب 50 کروڑ، برطانیہ سے 2 ارب 90 کروڑ جبکہ امریکہ سے ایک ارب 90 کروڑ ڈالر سے زائد ترسیلات زر آئیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق اس اضافے کے پیچھے حکومت اور سٹیٹ بینک کی جانب سے باقاعدہ ذرائع سے رقوم کی آمد کی حوصلہ افزائی، بینکوں کے فعال اقدامات، کورونا وبا کے باعث سفر کا محدود ہونا اور بازار مبادلہ میں استحکام ترسیلات زر میں اضافے کی وجوہات ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی وطن سے محبت اور وابستگی بے مثال ہے۔ انہوں نے کورونا کے باوجود مسلسل دس ماہ 2 ارب ڈالر پاکستان بھیجے اور تمام ریکارڈ توڑ دیے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر مارچ میں بڑھ کر 2 ارب 70 کروڑ ڈالر ہوگئیں جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہیں۔ رواں مالی سال اب تک کی ترسیلات زر میں 26 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جس پر ہم آپ کے شکرگزار ہیں۔‘

شیئر: