Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے وراثتی سرٹیفیکیٹ، ڈسکہ الیکشن، بابراعظم کا نیا ریکارڈ سمیت پاکستان سے ہفتے بھر کی اہم خبریں

بیرون ملک پاکستانی کم وقت میں وراثتی سرٹیفیکیٹ حاصل کر سکیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں احتجاج اور اس دوران تشدد کے بعد حکومت کی جانب سے تحریک لبیک پر پابندی، بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنچری، ڈسکہ الیکشن میں حکومتی پارٹی کے امیدوار کو شکست اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے 15 روز میں وراثتی سرٹیفیکیٹ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان میں زیادہ توجہ حاصل کرنے والے موضوعات رہے۔
گزشتہ ہفتے کے دوران جن دیگر خبروں نے اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی زیادہ توجہ حاصل کی ان میں جواں سال پاکستانی شاعرہ کا انتقال، عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے لیے مسجد کا تحفہ اور تین برس بعد رہا ہونے والے احد چیمہ کا تزکرہ بھی شامل رہا۔
دیگر اہم خبروں میں دکاندار کی جانب سے نمبر عام کر دیے جانے پر خودکشی کرنے والی خاتون، تحریک لبیک پر پابندی کا فیصلہ اور احتجاج کے دوران وائرل ہونے والے مناظر بھی شامل رہے۔
تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی پر دہشت گردی اور قتل کا مقدمہ
تحریک لبیک کے سربراہ سعد حسین رضوی سمیت تنظیم کے متعدد رہنماؤں کے خلاف دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، اغوا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ 
اردو نیوز کو حاصل ایف آئی آر کے مطابق یہ مقدمہ تھانہ شاہدرہ ٹاون میں درج کیا گیا ہے جس میں تھانے کے ایس ایچ او ہی مدعی ہیں جبکہ ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد دو ہو گئی ہے۔
محمد افضل نامی ایک اہلکار گزشتہ رات مظاہرین سے تصادم کے دوران شدید زخمی ہو گئے تھے جو بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، جبکہ کانسٹیبل علی عمران تھانہ شالیمار میں تعینات تھے۔
مکمل خبر کے لیے یہاں کلک کریں

احتجاج کے دوران کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت متعدد شہروں میں نظام زندگی متاثر ہوا (فوٹو: اے ایف پی)

ڈسکہ میں ن لیگ کی جیت، تحریک انصاف نے شکست تسلیم کر لی
صوبہ پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن نے میدان مارلیا ہے۔ 
وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ’ہم شکست کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہیں، گوکہ ہمیں کچھ خدشات اور تحفظات ہیں لیکن شکست تسلیم کرتے ہیں۔‘
انتخابات کے دن رات گئے 360 پولنگ سٹیشنز کے موصول ہونے والے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق نوشین افتخار نے ایک لاکھ 10 ہزار 75 ووٹ حاصل کیے جب کہ پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی کو 93 ہزار 433 ووٹ ملے۔
یوں لیگی امیدوار نے اپنے حریف کو 17 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے شکست دے دی۔
خبر کی باقی تفصیل یہاں پڑھیں

ڈسکہ کی نشست لیگی ایم این اے کی انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

والدہ کے چند روز بعد جواں سال پاکستانی شاعرہ بھی کورونا سے انتقال کر گئیں
 
جواں سال پاکستانی مصنفہ اور شاعرہ کرن وقار کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئیں۔ چند روز قبل ان کی والدہ بھی وبائی مرض کی وجہ سے انتقال کر گئیں تھی۔
کرن وقار کے انتقال کی اطلاع سامنے آئی تو مختلف صارفین نے جہاں ان کی فیس بک وال سے سکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے جواں سال موت پر افسوس کا اظہار کیا وہیں وبائی صورتحال میں علاج معالجہ کی صورتحال کو بھی تشویشناک قرار دیا۔
چند روز قبل کی اپنی فیس بک پوسٹس میں کرن وقار نے کورونا کے باعث والدہ کے انتقال اور اپنی اور اپنے بھائی کی وبا کی وجہ سے طبیعت زیادہ خراب ہونے اور ہسپتال میں داخل ہونے کی اطلاع دی تھی۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

جواں سال پاکستانی شاعرہ کی والدہ بھی چند روز قبل کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئی تھیں (فوٹو: کرن وقار فیس بک)

اوورسیز کے لیے وراثتی سرٹیفکیٹ کا حصول اب 15 روز میں
حکومت پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وراثتی سرٹیفیکیٹس کے اجرا کی سہولت فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
منگل کو وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اب بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی وراثت کی منتقلی کے نظام سے استفادہ کر سکیں گے۔
مختلف ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے 26 سینٹرز میں یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔
اس حوالے سے وزارت قانون و انصاف کی ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ابتدائی طور پر اسلام آباد کی جائیداد منتقلی کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے وراثتی سرٹیفیکیٹس جاری کرنے کا قانون نافذ تھا اور 10 سہولت سینٹرز میں اسلام آباد کی جائیداد کی منتقلی کی سہولت فراہم کی جا رہی تھی۔‘
’تاہم دیگر صوبوں کی جانب سے بھی قانون کی منظوری کے بعد اب پورے ملک میں یہ منصوبہ نافذ العمل ہوگا۔ ‘
ترجمان کے مطابق ’مختلف ممالک کے قونصل خانوں اور سفارت خانوں میں وراثت کی منتقلی کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیے جائیں گے جن میں کویت، مسقط، کوالالمپور، انقرہ، ٹورنٹو، پیرس اور روم شامل ہیں۔‘
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور قطر میں پہلے سے ہی یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ 
انہوں نے مزید بتایا کہ ’وراثتی سرٹیفیکیٹس بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے 15 روز کے اندر ورثا کو فراہم کر دیا جائے گا۔‘
خبر کی مزید تفصیل یہاں پڑھیں

سعودی عرب اور امارات میں پاکستانیوں کو پہلے ہی یہ سہولیات حاصل ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

تین برس کے بعد رہا ہونے والے احد چیمہ کون ہیں؟
لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے دور میں شہباز شریف کے قریب سمجھے جانے والے افسر احد چیمہ کو آخری مقدمے میں بھی ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔  
انہیں نیب کی جانب سے بنائے جانے والے آمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمے میں اس بنا پر رہا کیا گیا ہے کہ وہ تین سال سے قید میں ہیں اور ان کا ٹرائل ابھی بھی ابتدائی مراحل میں ہے۔
عدالت کے تحریری فیصلے کے مطابق ’ٹرائل کے دو برسوں کے دوران 66 گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہوئے جبکہ کُل گواہان کی تعداد 200 سے زائد ہے۔‘
’اس ٹرائل کے مکمل ہونے میں مزید کئی سال لگ سکتے ہیں، لہٰذا سپریم کورٹ کے وضع کردہ ضمانت کے اصول کے تحت ملزم کو اتنے لمبے عرصے کے لیے سزا کے بغیر جیل میں نہیں رکھا جاسکتا۔‘ 
خیال رہے کہ اس سے پہلے لاہور ہائی کورٹ نے احد چیمہ کی ضمانت منظور نہیں کی تھی اور ٹرائل کورٹ کو حکم دیا تھا کہ چار ماہ میں فیصلہ کیا جائے، تاہم ایک سال گزر جانے کے باوجود فیصلہ نہ ہونے پر انہوں نے دوبارہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور تکنیکی بنیادوں پر ضمانت کا مطالبہ کیا گیا، جسے قبول کر لیا گیا۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

احمدچیمہ ن لیگ دورحکومت میں وزیراعلی پنجاب کے خاصے قریب سمجھے جاتے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

’متحدہ عرب امارات کا پاکستان کو تحفہ‘ اسلام آباد میں مسجد خالد الکعبی کا افتتاح
اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں مسجد خالد الکعبی کا افتتاح کردیا گیا ہے، یہ مسجد خالد الکعبی متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کو تحفے میں دی گئی ہے۔
پیر کو مسجد خالد الکعبی کا افتتاح وفاقی وزیر علی محمد خان اور پاکستان میں مقیم متحدہ عرب امارات کے سفیر محمد عبید نے کیا۔
مسجد انتظامیہ کے مطابق مسجد خالد الکعبی کو دو سال کے عرصے میں تعمیر کیا گیا، یہاں تقریباً 200 سے زائد نمازی نماز ادا کرسکیں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد میں خواتین نمازیوں کے لیے الگ انتظامات ہیں، یہاں رمضان المبارک میں مکمل ایس او پیز کے ساتھ تراویح پڑھائی جائے گی۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

مسجد خالد الکعبی متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کو تحفے میں دی گئی ہے (فوٹو: اردو نیوز)

تحریک لبیک کا احتجاج: ’شاباش۔۔۔نہ مارو، بس کرو‘
پاکستان میں تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد ہونے والا احتجاج اور اس دوران مظاہرین و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان پرتشدد واقعات تیسرے روز بھی پاکستانی ٹائم لائنز پر نمایاں ہیں۔
ٹوئٹر پر نصف درجن سے زائد ٹرینڈز کی وجہ بننے والے احتجاج میں جہاں احتجاج سے متاثر ہونے والے معمولات زندگی کا اثر ہے، وہیں کچھ ایسی تصاویر اور ویڈیوز بھی وائرل ہیں جن میں مظاہرین کی گرفتاری، احتجاج کرنے والوں سے راستہ کھلوانے والی خاتون کی گفتگو اور مظاہرین و پولیس اہلکاروں کی جانب سے تشدد کے مناظر نمایاں ہیں۔
چند سیکنڈ دورانیے کے ایک ویڈیو کلپ میں ایک خاتون کی آواز واضح ہے جو اپنے گھر پہنچنے کے لیے راستہ بند کر کے کھڑے مظاہرین سے الجھ رہی ہیں۔
راستہ مانگنے کے لیے کار سے اتر کر مظاہرین کے درمیان پہنچ جانے والی خاتون راستہ روک کر کھڑے افراد کو ڈانٹ ڈپٹ کرتے ہوئے اس کام سے باز رہنے کا مشورہ بھی دیتی سنائی دیتی ہیں۔
خبر کی مزید تفصیل یہاں پڑھیں

پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران 97 اہلکار زخمی ہوئے (فوٹو: پنجاب پولیس)

ٹی 20 میں بابر اعظم کی پہلی سینچری: یہ مائیک گرا دینے والا لمحہ ہے‘
ون ڈے میں دنیا کے بہترین بلے باز کا اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر اپنے مداحوں کو خوش کر دیا ہے۔
بدھ کے روز جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے ٹی 20 میں اپنی پہلی سینچری سکور کی اور 59 گیندوں پر 122 رنز بنائے۔
’بال پِکر‘ سے دنیا کے نمبر ون بیٹسمین کا اعزاز حاصل کرنے تک، کامیاب کھلاڑی کے طور پر ان کی زندگی کے چرچے دنیا بھر میں کیے جا رہے ہیں۔ اب 59 گیندوں پر 122 رنز سکور کرنے پر سوشل میڈیا صارفین انہیں ’شیر‘ کا لقب دے رہے ہیں۔
بابر اعظم کی ریکارڈ ساز اننگز سے متعلق مکمل خبر یہاں پڑھیں

بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی سب سے بڑی اننگز کھیلی (فوٹو: پی سی بی)

پرتشدد مظاہرے:حکومت کا تحریک لبیک پر پابندی لگانے کا اعلان
پاکستان کی وفاقی حکومت نے مذہبی جماعت تحریک لبیک پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے رولز 11 بی کے تحت تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
شیخ رشید نے کہا کہ مذہبی جماعت پر پابندی عائد کرنے کی سفارش پنجاب حکومت نے کی تھی۔ ’پابندی کی سمری منظوری کے لیے کابینہ کو بھجوائی جا رہی ہے۔​‘
وزیر داخلہ نے تحریک لبیک سے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ مذاکرات میں گنجائش رکھی جاتی ہے تاکہ ریاست کے معاملات کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ 
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی آخری حد تک یہ کوشش رہی کہ متفقہ طور پر اسمبلی میں قرارداد لانے کے لیے ان کو راضی کر لیں تاہم کوششیں کامیاب نہ ہوئیں۔
’ہم پارلیمنٹ میں قرارداد کے لیے تیار تھے تاہم تحریک لبیک ایسا مسودہ لانا چاہتی ہے جس سے انتہاپسندی کا تاثر ابھرتا۔‘
خبر کی مکمل تفصیل یہاں پڑھیں

احتجاج کے دوران متعدد مقامات پر پرتشدد واقعات بھی پیش آئے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

’دکاندار نے سب کو میرا فون نمبر دے دیا‘، ہراسیت سے تنگ خاتون کی خُودکشی
کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن میں خاتون کی مبینہ خودکشی کیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق خاتون کو محلے کے چند افراد کی جانب سے ہراساں اور بلیک میل کیا جا رہا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے انتہائی قدم اٹھایا۔
پولیس نے واقعے کا ارادہ قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
خاتون نے خود کشی سے قبل مبینہ طور پر اپنی سہیلی کو ایک آڈیو میسج بھیجا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’مجھے کالز کر کے دھمکایا جا رہا ہے اور ملنے کو کہا جا رہا ہے، میں نے پریشانی میں پوری رات جاگ کر گزاری ہے، میں اپنے بچوں کی وجہ سے خاموش تھی۔ آڈیو میسج کے آخر میں متوفیہ دوست سے معافی مانگتی ہیں اور کہتی ہیں کہ اب جو اقدام وہ کرنے جا رہی وہ ان کی زندگی کا اختتام ہوگا۔‘
خبر کی مکمل تفصیل یہاں پڑھیں

 

شیئر: