اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیح ہے: قریشی
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے دنیا کی توجہ پاکستان میں میسّر کثیر کاروباری مواقع کی طرف مبذول کروا رہا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق پاکستان بزنس کونسل دبئی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب میں قریشی کا کہنا تھا کہ قابلِ مسرت بات یہ ہے کہ کورونا عالمی وبائی صورتحال کے باوجود معاشی سفارت کاری کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے پاکستان بزنس کونسل دبئی سے وابستہ کاروباری شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کیساتھ ہمارے دو طرفہ کثیرالجہتی، تجارتی تعلقات میں روز بروز بہتری آ رہی ہے۔
’میرے اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تجارتی روابط اور تعاون کا فروغ ہے۔‘
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے اور اپنی محنت اور لگن سے یہاں کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ ‘
وزیر خارجہ نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
قبل پاکستان بزنس کونسل دبئی کے صدر اور دیگر عہدیداروں نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم اور افطار ڈنر کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضال محمود، قونصل جنرل دبئی احمد امجد علی اور سفارتخانے کے سینیئر افسران بھی اس عشائیے میں شریک تھے۔