Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یقین ہے جہانگیر ترین کے ساتھ معاملہ ٹھنڈا ہو جائے گا: شیخ رشید

پی ٹی آئی کے 30 ارکان اسمبلی نے جہانگہر ترین کا ساتھ دینے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین پارٹی کا حصہ ہیں اور پارٹی میں ہی رہیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اتوار کو اسلام آباد میں  میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ معاملہ ٹھنڈا ہو جائے گا۔
30 ارکان صوبائی اسمبلی کے جہانگیر ترین کا ساتھ دینے پر کیے گئے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ’وہ پارٹی کا حصہ ہیں وہ پارٹی میں ہی رہیں گے، مجھے پوری امید ہے کہ جہانگیر ترین کہیں نہیں جاتے۔‘
وزیر داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کے حوالے سے بتایا کہ کالعدم تنظیم نے 192 جگہوں پر رکاوٹیں کھڑی کی ہوئی تھیں جن میں سے 191 ہٹا دی گئی ہیں، جبکہ لاہور میں یتیم خانہ چوک پر فی الحال حالات کشیدہ ہیں۔
’جب کوئی تنظیم کالعدم قرار دی جاتی ہے تو اس کے عہدیداروں کے اکاؤنٹس منجمد کر دیے جاتے ہیں، شناختی کارڈ بلاک کر دیے جاتے ہیں، اور تنظیم کے عہدیداروں کی بنیادی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے۔‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ  ٹی ایل پی کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کا عمل جاری نہیں ہے، اور نہ ہی ان کے علم میں ہے، اس سے پہلے مذاکرات کرنے کی کوشش کی تھی لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
’وہ ہر صورت میں اپنے ایجنڈے سے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہیں تو حکومت کے پاس اپنی رٹ قائم کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔‘
شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ ’کسی صورت میں بھی ناموس رسالت پر بات نہیں آنے دینا چاہتے، لیکن دنیا میں رہنے کے لیے کچھ اقدامات بادل نخواستہ کرنا پڑے جن کے لیے ہم ذہنی طور پر بھی تیار نہیں تھے اور ہمیں پابندی لگانا پڑی۔‘
انہوں نے کہا کہ 20 تاریخ کو ٹی ایل پی کو ختم کرنے کا معاملہ کابینہ میں لے جائیں گے، اس دن اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں شاہراہیں کھلی رکھنے کی کوشش کریں گے۔

شیئر: