سعودی عرب یونان سے پیٹریاٹ سسٹم حاصل کرے گا
معاہدے پر فریقین نے ریاض میں دستخط کیے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب یونان سے پیٹریاٹ ساخت کا فضائی دفاعی نظام حاصل کرے گا۔ دونوں ملکوں نے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یونانی سفارت کار نے بتایا کہ معاہدے پر فریقین نے ریاض میں دستخط کیے۔
یونانی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ’امریکی ساختہ پیٹریاٹ سسٹم سعودی عرب میں تیل کی اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے استعمال ہوگا۔‘
پیٹریاٹ معاہدے پر دستخط ایسے موقع پر ہوئے ہیں، جب منگل کو سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے یونان کے وزرائے خارجہ و دفاع نے ملاقات کی۔
سعودی عرب اور یونان کے درمیان یونانی افواج کی قانونی پوزیشن کے بارے میں معاہدہ ہوا ہے۔ یونانی افواج سعودی عرب کی دفاعی استعداد بڑھانے میں حصہ لیں گی۔
عرب نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں یونانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دفاع کے شعبے میں بہت کچھ حاصل کرنے کو ہے جس سے ایسا ماحول بن سکتا ہے جو توانائی اور تعاون کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ 'ہم نے بہت کچھ کیا ہے لیکن اور بھی کرنا ہے۔'
دونوں ممالک کے مابین دفاع کے علاوہ دیگر شعبوں پر بھی بات چیت ہوئی۔
سعودی عرب بین الاقوامی کمپنیوں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے اپنے دروازے کھول رہا ہے تاکہ وہ مملکت میں تدبیلی اور ترقی میں وہ کردار ادا کر سکیں۔