Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: 17 مئی سے بین الاقوامی پروازیں بحال، پاکستان پر پابندی برقرار

17 مئی کو رات ایک بجے سے بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی اٹھالی جائے گی (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عریبین ایئرلائن السعودیہ نے کہا ہے کہ ’پیر 17 مئی 2021 کو رات ایک بجے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سے وہ 20 ممالک خارج ہیں جن پر وزارت داخلہ نے کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پابندی لگائے ہوئی ہے‘۔
وزارت داخلہ نے کورونا وبا کے باعث جن 20 ملکوں کو ممنوع قرار دیا ہے ان میں ’پاکستان، انڈیا، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکی، امریکہ، جرمنی، اٹلی، برازیل، پرتگال، برطانیہ، جنوبی افریقہ، فرانس، سوئٹزرلینڈ، مصر اور لبنان شامل ہیں۔‘
عرب نیوز کے مطابق السعودیہ سے ٹوئٹر پر استفسار کیا گیا تھا کہ ’کیا سفری پابندی جاری رہے گی۔‘
السعودیہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’17 مئی کو رات ایک بجے سے تمام بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی اٹھالی جائے گی تاہم یہ فیصلہ ان ملکوں پر لاگو نہیں ہوگا جن پر کورونا وائرس پھیلنے سے روکنے کی وجہ سے سفر پر پابندی جاری ہے۔‘
یاد رہے کہ 20 ممالک پر تین فروری کو سفری پابندی عائد کی گئی تھی۔ ’یہ پابندی ان مسافروں پر بھی ہے جو 14 روز کے دوران ان ممالک سے گزرے ہوں جن پر کورونا وبا کی وجہ سے پابندی لگی ہوئی ہے۔‘

 

شیئر: