'مینجمنٹ پسند اور ناپسند کی بنیاد پر فیصلے کرتی ہے'
شعیب ملک کے بقول 'ہمیں ایک بین الاقوامی وائٹ بال کوچ کی ضرورت ہے' (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں 19 رنز کی شکست کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سینیئر کھلاڑی شعیب ملک بھی خاموش نہ رہ سکے اور فیصلہ کرنے والوں پر برس پڑے۔
جمعے کے روز اپنی ٹویٹس میں شعیب ملک کا کہنا تھا کہ 'ناواقف فیصلہ سازوں کو ایک قدم پیچھے ہٹنا ہوگا۔ کپتان بابر اعظم اور چیف سلیکٹر محمد وسیم کو خود فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'میری رائے میں ہمیں ایک بین الاقوامی وائٹ بال کوچ کی ضرورت ہے جو باہر سے کرکٹ کو سمجھتا ہو اور اپنے کپتان کی حوصلہ افزائی کرے اور آنے والے وقت کے لیے ہمارے کھلاڑیوں کی رہنمائی کرے۔'
شعیب ملک نے کہا کہ 'خاص طور پر جب آپ کی کرکٹ بقا کے مرحلے میں ہو، اور آپ کی ٹیم مینجمنٹ پسند اور ناپسند کی بنیاد پر انحصار ے کرتی ہے، تب بحیثیت قوم آپ ٹیم سے کیا توقع کر سکتے ہیں؟ اہم بات یہ ہے کہ جب آپ اپنے کپتان کو فیصلے نہ کرنے دیں تو یہ تو ہوگا۔'
یاد رہے کہ شعیب ملک کو دورہ زمبابوے کے لیے قومی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ جمعے کے روز زمبابوے نے ہرارے میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 19 رنز سے ہرا دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی جس کے بعد قومی ٹیم شدید تنقید کی زد میں ہے۔ یہ زمبابوے کی پاکستان کے خلاف ٹی 20 میں پہلی فتح ہے۔
اس سے قبل دورہ زمبابوے میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے 11 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دورہ جنوبی افریقہ میں پاکستانی ٹیم نے ون ڈے اور ٹی 20 سیریز دونوں میں فتح سمیٹی تھی۔