کورونا کیسز: امریکی شہریوں کو پاکستان کا سفر نہ کرنے کی ایڈوائزری
امریکہ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن نے پاکستان کے لیے لیول فور ہیلتھ ایڈوائزری جاری ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے سبب امریکہ نے اپنے شہریوں کو پاکستان کا سفر نہ کرنے کا کہا ہے۔
پاکستان میں امریکی سفارتخانے کی ویب سائیٹ پرجاری ایڈوائزری کے مطابق امریکہ نے اپنے شہریوں کو پاکستان میں کرونا کیسز کے ہائی لیول کی وجہ سے لیول 4 ایڈوائزری جاری کردی اور Do-Not-Travel کی شدید ہدایت جاری کردی ہے۔
سفارتخانے کے مطابق امریکہ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن نے پاکستان کے لیے لیول فور ہیلتھ ایڈوائزری جاری ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کا لیول بہت ہی زیادہ ہے۔
قبل ازیں کینیڈا نے انڈیا اور پاکستان سے پروازوں پر 30 دن کے لیے پابندی عائد کر دی تھی۔
اے ایف پی کے مطابق کینیڈا کے وزیر ٹرانسپورٹ عمر الغبرا نے اعلان کیا تھا کہ ’کینیڈا میں انڈیا اور پاکستان سے انے والے مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد میں انڈیا اور پاکستان سے کینیڈا آنے والی تمام کمرشل اور نجی پروازیں 30 دن تک معطل کر رہا ہوں۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ یہ عارضی اقدامات ہیں جس پر آگے چل کر دوبارہ غور کیا جا سکتا ہے۔‘
الغبرا نے مزید بتایا تھا کہ ’یہ پابندی کارگو پروازوں پر عائد نہیں ہوگی جن کے ذریعے ویکسین کی کھیپ، حفاظتی آلات اور دیگر ضروری اشیا کی ترسیل کی جاتی ہے۔‘