بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ’روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس‘ کے ذریعے آٹھ ماہ میں مجموعی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔
اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھرپور ردعمل پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سٹیٹ بینک اور دیگر بینکوں کو بھی سراہتا ہوں کہ انھوں نے مختصر وقت میں یہ سنگ میل عبور کیا۔‘
وزیراعظم نے گذشتہ آٹھ ماہ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے ہونے والی سرمایہ کاری کا چارٹ بھی شیئر کیا، جس کے مطابق مارچ 2021 میں سب سے زیادہ 21 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
-
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 10کروڑ ڈالر، سعودی عرب آگےNode ID: 521056
-
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے 436 ملین ڈالرز کی ترسیلات و ادائیگیاںNode ID: 538336
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کا اجرا ستمبر 2020 میں ہوا۔ پہلے مہینے ان اکاؤنٹس کے ذریعے سرمایہ کاری 90 لاکھ ڈالر ہوئی۔ جس میں ہر ماہ مسلسل کئی گنا اضافہ ہوتا چلا گیا۔
اکتوبر 2020 میں تین کروڑ، تین لاکھ، نومبر میں چھ کروڑ، 80 لاکھ اور دسمبر میں 14 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔
سال 2021 کے پہلے تین ماہ میں جنوری میں 16 کروڑ، 80 لاکھ، فروری میں 17 کروڑ 60 لاکھ جبکہ مارچ میں 21 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ سرمایہ کاری کی گئی۔
یہ سرمایہ کاری میوچل فنڈز، سٹاک مارکیٹ، رئیل سٹیٹ اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں کی گئی۔
خیال رہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس رکھنے والے غیر مقیم پاکستانیوں کے لیے ٹیکسوں پر چھوٹ اور ٹیکس کے حوالے سے سادہ اور آسان فہم نظام بھی متعارف کرایا ہے۔
اس نظام کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر صرف ایک بار ٹیکس کی کٹوتی کی جائے گی۔
Alhamdulillah, funds received through #RoshanDigitalAccount have crossed $1bn. I would like to thank our overseas Pakistanis for their overwhelming response; also appreciate the efforts of SBP & banks for achieving this significant milestone in such a short period. #1billionRDA pic.twitter.com/YNksGLXzpM
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 24, 2021