Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایوان ولی عہد میں فن پارے کی سجاوٹ سے ’عالمی پہچان ملی‘

ہر فن کار کا خواب ہوتا ہے کہ اپنے وطن کی شناخت کو اجاگر کرے- (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں ایوان ولی عہد میں تجریدی آرٹ کا فن پارہ سجائے جانے پر سعودی فن کار فہد خلیف کو عالمی پہچان ملی ہے۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے فہد خلیف نے کہا کہ یہ بات باعث فخر ہے کہ میرے فن پارے کو ایوان ولی عہد کی دیوار کی زینت بنایا گیا اور دوسرے فن پارے کو وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کے دفتر میں سجایا گیا ہے۔ 
فہد خلیف نے کہا کہ فن پاروں کو پذیرائی مل رہی ہے۔ سعودی عرب کی بیشتر اکیڈمیوں، دنیا  کے مختلف ممالک، سفارتخانوں اور دفتر خارجہ میں مقبولیت مل چکی ہے۔ تین فن پارے روسی وزیر ثقافت کی فرمائش پر روس کے اہم عجائب گھروں کے لیے منتخب کیے گئے ہیں۔

سعودی فن کاروں نے اپنے وطن کے تمدن کا تعارف کرانے میں بڑا کام کیا ہے- (فوٹو العربیہ)

فہد خلیف نے بتایا کہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ  کے فرنٹ کے  لیے ایک فن پارے کا انتخاب کیا گیا۔ یہ انتخاب اچانک نہیں ہوا بلکہ ابتدائی ڈیزائن اور اسکیچ دیکھ کر ہی اسے منظوری دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بعض لوگ عربی رسم الخط کے تصور اور تجریدی آرٹ میں عربی زبان کے حروف کے نقش و نگار میں فرق نہیں کرتے حالانکہ دونوں میں فرق ہے۔
سعودی آرٹسٹ کا کہنا تھا کہ وہ اور بہت سارے فن کار عربی حروف کو تجریدی آرٹ میں استعمال کررہے ہیں۔ عربی زبان کے حروف کی تشکیل اور انداز دلبربا ہوتا ہے۔ ہمیں بین الاقوامی فن کار پیبلو پکاسو کا تاریخی جملہ ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے کہ ’میں نے پینٹنگ کے آرٹ میں جو اعلی ترین کامیابی حاصل کی ہے عربی رسم الخط دیکھ کر مجھے احساس ہوا کہ  اس نے یہ کمال مجھ سے بہت پہلے حاصل کرلیا تھا‘۔

سعودی وژن 2030 نے ہمیں حوصلے دیے ہیں- (العربیہ)

فہد خلیف کا کہنا ہے کہ سعودی فن کاروں نے اپنے وطن کے تمدن کا تعارف کرانے میں بڑا کام کیا ہے ہر فن کار کا خواب ہوتا ہے کہ وہ  اپنے وطن کی شناخت کو اجاگر کرے۔ ایسی زبان میں اپنے ملک کا تمدن سامنے لائے جسے سب سمجھتے ہوں اور جس سے سب لطف اٹھاتے ہوں۔
انہوں نے توجہ دلائی کہ  منصوبہ بندی  اور اشتیاق کامیابی کی کلید ہیں۔  پراعتماد انداز میں جدوجہد جاری رکھنے سے کامیابی پر کامیابی ملتی چلی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا خواب ہے کہ دنیا بھر میں ثقافت اور آرٹ کے منظر نامے میرا نام ہو۔ وطن عزیز سعودی عرب کا سر بلند ہو۔ سعودی وژن 2030 نے ہمیں حوصلے دیے۔ریاستی ادارے تخلیق کاروں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: