ہسپتال کے بستر پر امتحان کی تیاری کرتا کورونا کا مریض
ہسپتال کے بستر پر امتحان کی تیاری کرتا کورونا کا مریض
بدھ 28 اپریل 2021 16:29
تصویر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، صارفین مریض کے جذبے کو سراہ رہے ہیں (فوٹو: وجے کولینج ٹوئٹر))
جب زندگی خود امتحان سے دوچار ہو ایسے میں کسی امتحان کی تیاری یقیناً غیرمعمولی سی بات لگتی ہے اور شاید یہی سوچ کر اس کورونا مریض کی تصویر بنائی گئی جو ہسپتال کے بستر پر ماسک پہنے، چشمہ لگائے، کتابیں پھیلائے اور کیلکولیٹر لیے بیٹھے ہیں اور مطالعہ کر رہے ہیں۔
یہ منظر ہے انڈین ریاست اڑیسہ کے شہر برہم پور کے ہسپتال کا جہاں ایک مریض سی اے (چارٹرڈ اکاؤنٹس) کے امتحان کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ تصویر اس وقت کھینچی گئی جب ڈسٹرکٹ میجسٹریٹ وجے کولینج اور کلکٹر نے ہسپتال کا دورہ کیا۔
اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماسک پہنے ایک مریض نے ہسپتال کے بستر پر کتابیں پھیلا رکھی ہیں جبکہ اس وقت پی پی ای کٹس میں تین افراد ان کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔
وجے کولینج نے یہ تصویر ایک خوب صورت پیغام کے ساتھ ٹویٹ کر دی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔
سوشل میڈیا پر صارفین مریض کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔ وجے کولینج نے مریض کے جذبے کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’کامیابی محض کوئی اتفاق نہیں ہے اس کے لیے بہت زیادہ محنت لگن کی ضرورت ہوتی ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں نے ہسپتال کے دورے کے موقع پر اس شخص کو دیکھا جو سی اے کے امتحان کی تیاری کر رہا ہے۔‘
ان کے مطابق ’آپ کی لگن آپ کی تکلیف کو بھلا دیتی ہے، اس کے بعد کامیابی محض ایک تکلف رہ جاتی ہے۔‘ صبح کے وقت شیئر ہونے والی اس تصویر کو مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم پر دس ہزار سے زائد لائیکس مل چکے ہیں۔
زیادہ تر صارفین اس لیے بھی مریض کو سراہ رہے ہیں کہ وہ اس بیماری سے لڑنے کے دوران بھی ایک انتہائی مشکل سمجھے جانے والے امتحان کی تیاری کر رہے ہیں۔
دوسری جانب کچھ صارفین کی جانب سے یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ مریض کی حالت بہتر لگ رہی ہے اس لیے یہ بستر تشویش ناک حالت والے مریضوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے کیونکہ ملک کے کئی ہسپتالوں میں بستروں اور ادویات کی قلت ہو چکی ہے۔
ایک ٹوئٹر صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’یہ اچھی بات ہے کہ انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور امتحان کی تیاری کر رہے ہیں، تاہم ان کو گھر میں آئسولیشن کے لیے کہا جائے اور بستر کسی اور مریض کو دیا جائے۔‘
ایک اور صارف نے بھی اس سے ملتے جلتے خیالات کا اظہار کیا۔’وہ کافی بہتر لگ رہے ہیں اور ان کی آئسولیشن گھر میں ہونی چاہیے اور بستر دوسرے مریضوں کو دیا جا سکتا ہے۔‘
اڑیسہ کے وزیر اعلیٰ نے اتوار کے روز اعلان کیا تھا کہ اٹھارہ سال کی عمر سے زائد افراد کو مفت ویکسین دی جائے گی، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت اڑیسہ ملک کی چھ ریاستوں کو آکسیجن فراہم کر رہا ہے۔
خیال رہے کورونا کی تیسری لہر کے دوران انڈیا کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، یومیہ مثبت مریضوں اور ہلاکتوں کی شرح انتہائی زیادہ ہو چکی ہے۔