صدر بائیڈن کا سفارتکاری پر زور:’چین،روس سے تنازعات نہیں چاہتے‘
صدر بائیڈن کا سفارتکاری پر زور:’چین،روس سے تنازعات نہیں چاہتے‘
جمعرات 29 اپریل 2021 6:48
صدر جو بائیڈن نے عالمی سطح پر ممالک کے ساتھ تعاون پر زور دیا۔ فوٹو اے ایف پی
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ چین اور روس کے ساتھ تنازعات نہیں چاہتے تاہم امریکی مفادات کا تحفظ کریں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جو بائیڈن نے بطور صدر کانگریس سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ وہ چین کے ساتھ معاشی مسابقت کا خیر مقدم کرتے ہیں اور تنازعات نہیں چاہتے۔
صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کو واضح کر دیا تھا کہ امریکہ اپنے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گا۔
’امریکہ غیر منصفانہ تجارتی طریقوں کے خلاف کھڑا ہوگا جو امریکی کارکنوں اور صنعتوں کو نقصان پہنچائیں، جیسے سرکاری کاروباری کمپنیوں کو سبسڈی دینا اور امریکی ٹیکنالوجی اور انٹیلیکچوئل پراپرٹی حقوق چوری کرنا۔‘
صدر بائیڈن نے کانگریس سے خطاب میں مزید کہا کہ انہوں نے چینی صدر کو باور کروا دیا تھا کہ امریکہ انڈو پیسیفک خطے میں مضبوط عسکری طاقت کو یقینی بنائے گا، جس کا مقصد ممکنہ تنازعات کو روکنا ہے۔
گزشتہ چند سالوں میں امریکہ اور چین کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
تاہم سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں صدر بائیڈن نے کانگریس سے خطاب میں عالمی سطح پر تعاون کا پیغام دیا۔
روس کا حوالہ دیتے ہوئے صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ انہوں نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن پر واضح کر دیا ہے کہ امریکہ کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا تاہم کسی بھی قسم کے اقدام کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
روس پر امریکی انتخابات میں مداخلت اور امریکی سرکاری اداروں پر سائبر حملوں کے الزام میں صدر جو بائیڈن نے روس پر معاشی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔
صدر جو بائیڈن نے روس کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کی غرض سے کسی تیسرے ملک میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کرنے کی تجویز بھی دی ہے جس میں وہ اپنے ہم منصب صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کریں گے۔
ایران اور شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے حوالے سے صدر بائیڈن نے کہا کہ وہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر ان دونوں ممالک کی جانب سے پیدا ہونے والے خطرات سے سفارتکاری کے ذریعے نمٹیں گے۔
صدر بائیڈن نے مزید کہا کہ وہ امریکی ترجیحات پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، امریکہ کی افغانستان میں طویل ترین جنگ کا اختتام ان ترجیحات کا حصہ ہے۔