مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ تراویح
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ تراویح
منگل 13 اپریل 2021 4:45
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں پیر کو کورونا وائرس سے بچاو کے لیے سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ پہلی تراویح ادا کی گئی ہے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں جماعت سے تراویح پڑھانے اور تراویح کی 10 رکعتوں پر اکتفا کرنے کی منظوری دی تھی۔
قبل ازیں سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا تھا کہ یکم رمضان منگل 13 اپریل سے مسجد الحرام میں نماز، عمرہ اور مسجد نبوی کی زیارت کے اجازت نامے مشروط جاری کیے جائیں گے۔
یہ اجازت نامے ان امیدواروں کو دیے جائیں گے جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے یا پہلی خوراک پر 14 دن گزر چکے ہوں گے۔
سعودی وزارت داخلہ نے انتباہ کیا تھا کہ اجازت نامے کے بغیر مسجد الحرام آنے والے عمرہ زائرین پر دس ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام اور مسجند نبوی میں 24 گھنٹے سینیٹائزنگ کا سلسلہ رکھا رکھا جا رہا ہے۔ تمام فرش، چھتوں، دیواروں، کھلے مقامات کی وقفے وقفے سے سینیٹائزنگ ہورہی ہے۔
زائرین کی آمد و رفت کے عمل کو منظم کیا جا رہا ہے۔ مسجد الحرام میں داخلی راستوں پر تھرمل کیمرے لگائے گئے ہیں جبکہ ہر دروازے پر سکیورٹی اہلکار نمازیوں کی رہنمائی کے لیے موجود ہیں۔