Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنرل باجوہ کی سعودی چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقات، دفاعی تعاون پر بات چیت

ریاض میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ریاض میں سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حمد الرویلی سے ملاقات کی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بدھ کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور، افغان امن عمل سمیت علاقائی سکیورٹی کی صورت حال، دفاع و سکیورٹی اور ملٹری ٹو ملٹری تعاون پر بات چیت کی گئی۔
پاکستان کی فوج کے سپہ سالار نے دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون سے خطے میں امن اور استحکام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔‘

 

بیان کے مطابق سعودی چیف آف جنرل سٹاف نے جنرل باجوہ کے خیالات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ’پاکستان کی جانب سے علاقائی امن و استحکام کے لیے اٹھائے گئے تمام اقدامات کو سعودی عرب کا مکمل تعاون حاصل ہوگا۔‘
خیال رہے کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ منگل کو سرکاری دورے پر ریاض پہنچے تھے۔
ریاض پہنچنے پر پاکستان کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر اور ملٹری اتاشی ہارون اسحاق راجا نے ان کا خیر مقدم کیا۔ 
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب کے سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان بھی سات مئی کو سعودی عرب کے تین روز دورے پر جا رہے ہیں۔
وزیراعظم کے دورے کے حوالے سے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہم وقت پر ہو رہا ہے۔‘

شیئر: