کورونا وائرس: پاکستانی مسافروں کے ملائشیا اور فلپائن میں داخلے پر پابندی عائد
فلپائن نے انڈیا سے آنے والے مسافروں پر 27 اپریل کو پابندی عائد کر رکھی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
فلپائن نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا سے مسافروں کی آمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔
دوسری جانب ملائشیا کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملائشیا کی جانب سے بھی پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال کے شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
فلپائن کے سرکاری خبر رساں ادارے پی این اے کے مطابق یہ پابندی انڈیا میں کورونا کے شکل بدلنے والے وائرس کے سامنے آنے کے بعد 7 مئی سے 14 مئی تک عائد رہے گی۔
فلپائن کے ایگزیکٹو سیکریٹری سلواڈور میڈیالڈیا نے بدھ کو جاری کیے گئے میمورنڈم میں سفری پابندیوں والے ملکوں کی فہرست میں انڈیا کے ساتھ مزید چار ممالک کو شامل کیا۔
فلپائن نے انڈیا سے آنے والے مسافروں پر گذشتہ ہفتے 27 اپریل کو پابندی عائد کی تھی۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ 'ایسے تمام مسافر جو پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا سے آرہے ہیں یا گذشتہ 14 دن کے دوران وہاں رہے ہوں ان کے فلپائن میں داخلے پر 7 مئی سے 13 مئی رات 12 بجے تک پابندی عائد رہے گی۔'
دریں اثنا وہ فلپائنی شہری جو ملک واپس آرہے ہیں ان پر 7 مئی تک داخلے کی پابندی نہیں تاہم ان کو کورونا کے منفی ٹیسٹ رپورٹ کے باوجود 14 دن قرنطینہ میں گزارنا ہوں گے۔
ادھر ملائشیا کے سینیئر وزیر داتو سری اسماعیل صبری یعقوب نے پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال کے شہریوں کے داخلے پر پابندی کے فیصلے کا اعلان کیا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ پابندی کب سے نافذ العمل ہوگی۔