کیلی فورنیا میں گورنر کا انتخاب: ریپبلکن امیدوار ریلی میں ریچھ لے آئے
ریپبلکن امیدوار جان کاکس کا کہنا ہے کہ ’خوب صورت سیاست دانوں نے کیلی فورنیا کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ریاست کیلی فورنیا میں گورنر کی سیٹ کے لیے آنے والے انتخاب میں منگل کو ایک ریپبلکن امیدوار نے سیاسی ریلی میں ریچھ لا کر ہلچل مچا دی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ریپبلکن امیدوار جان کاکس ’بیوٹی اینڈ بیسٹ‘ کی تھیم پر اپنی مہم چلا رہے ہیں۔ بیوٹی موجودہ ڈیموکریٹک گورنر گیون نیوزم ہیں جو اپنی نمایاں شخصیت کی وجہ سے ریاست میں جانے جاتے ہیں، جو ہالی وڈ کا گھر ہے۔
جان کاکس نے خود کو ’جانور‘ قرار دیا ہے جو امریکہ کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست کی سیاست کو ہلا کر رکھ دے گا، جس کے جھنڈے پر بھورے رنگ کا ریچھ نمایاں ہے۔
ریپبلکن امیدوار کا ریاستی دارالحکومت سیکرامنٹو میں ریلی کے دوران کہنا تھا کہ ’خوب صورت سیاست دانوں نے کیلی فورنیا کو ناکام بنا دیا ہے۔ ہمیں اسے بچانے کے لیے بہت بڑی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ میں ٹیکسوں میں کٹوتی کروں گا، کیلی فورنیا کو مزید سستا بناؤں گا اور سیکرامنٹو کو ہلا کر رکھوں گا۔‘
اس عوامی سٹنٹ کے لیے جان کاکس کوڈیاک نسل کے ریچھ کو لے کر آئے جس کا نام ’ٹیگ‘ اور وزن پانچ سو کلو تھا۔
’ٹیگ‘ قید میں پیدا ہوا تھا اور اسے فلموں اور ٹی وی سیریز میں آنے کے لیے ٹریننگ دی گئی ہے۔
دوسری جانب سیاسی اور عوامی مقاصد کے لیے ریچھ کے استعمال نے جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں میں غم و غصہ پیدا کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ’پیٹا‘ نامی تنظیم کا کہنا ہے کہ ’یہ بدقسمتی اور شرم کی بات ہے کہ اس طرح سے کوڈیاک ریچھ ٹیگ کا استحصال کیا گیا ہے۔‘