امارات دس لاکھ سعودی سیاحوں کے خیر مقدم کے لیے تیار
کورونا کے باعث پوری دنیا میں سیاحت 74 فیصد تک متاثر ہوئی- (فوٹو عرب نیوز)
ابوظبی میں نرواناس ٹریولنگ کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین علا العلی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں سیاحت کے شعبے نے کووڈ 19 کے اثرات کے باوجود 2020 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
کورونا بحران سے پوری دنیا میں سیاحت 74 فیصد تک متاثر ہوئی ہے۔ مشرق وسطی میں اس کا تناسب 76 فیصد تک پہنچ گیا تھا۔
الامارات الیوم کے مطابق علا العلی نے کہا کہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں میں امارات کا تناسب سب سے زیادہ ہے۔ جی سی سی ہیلتھ کونسل کے اعدادوشمار کے مطابق 96.8 فیصد متاثرین صحت یاب ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ کورونابحران میں اماراتی ہوٹل پوری دنیا میں مصروفیت کے حوالے سے دوسرے نمبر پر رہے۔ چین 54.7 فیصد سے پہلے نمبر پر رہا۔
ٹریولنگ کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین کا کہنا تھا کہ 17 مئی سے سعودی ایئرپورٹس کھل رہے ہیں۔ سفری پابندیاں اٹھائے جانے پر امارات 10 لاکھ سعودی سیاحوں کے آنے کی توقع ہے اور ہم خیر مقدم کے لیے تیار ہیں ۔ہمارے یہاں مختلف سیاحتی سہولتیں مہیا ہیں۔ تفریحی، ثقافتی، ماحولیاتی سیاحت کےعلاوہ مارکیٹنگ اور مہم جوئی کے بڑے امکانات ہیں۔ فیملی والوں کے لیے امارات میں بہت کچھ ہے خصوصا سعودی بھائیوں اور جی سی سی ممالک کے باشندوں کے مزاج اور پسند کا بہت کچھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ 8 سے 10 لاکھ سعودی 17 مئی کے بعد امارات پہنچیں گے۔
سعودی سیاحوں کے لیے امارات پسندیدہ سیاحتی مقام ہے۔ دونوں ملکوں کی سرحدیں ملتی ہیں۔ سعودی یہاں امن و امان محسوس کرتے ہیں۔ یہاں ہوٹلوں کی عمدہ سروس موجود ہے دیگر ملکوں کے مقابلے میں تفریحاتی پروگرام اعلی درجے کے ہیں۔ کووڈ 19 کے حوالے سے امارات دیگر ممالک کے مقابلے میں محفوظ ہے۔