ستر فیصد سعودی ڈیجیٹل ادائیگی کو بہتر ذریعہ سمجھتے ہیں
مملکت میں ڈیجیٹل تجربات کا رجحان مسلسل بڑھ رہا ہے- (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں ماسٹر کارڈ نے جائزہ رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سعودی صارفین میں تیز رفتار لچکدار نئے ڈیجیٹل تجربات کا رجحان مسلسل بڑھ رہا ہے۔ 70 فیصد سعودی روایتی طریقوں سے کمپنیوں کے ادائیگی نظام کو مسترد کرنے لگے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ماسٹر کارڈ کا کہنا ہے کہ ادائیگی کے طریقہ کار کا گراف یہ ہے کہ سعودی عرب میں 94 فیصد صارفین ادائیگی کا نیا طریقہ کار اپنانے کے بارے میں سوچنے لگے ہیں۔
68 فیصد صارفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے کورونا وبا کی وجہ سے ادائیگی کے نئے طور طریقوں کا تجربہ کیا۔ ڈیجیٹل کمپنیوں نے صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب کو دیکھ کر مارکیٹنگ اور ادائیگی کے مختلف ذرائع فراہم کیے۔ 70 فیصد سعودی صارفین ایسی کمپنیوں کے ساتھ لین دین پر راضی نہیں جو الیکٹرانک طریقہ ادائیگی کے حق میں نہیں ہیں۔
ماسٹر کارڈ سکیموں کے ڈائریکٹر کریگ فوسبرگ نے کہا کہ کورونا وبا نے صارفین کے سوچنے کا انداز تبدیل کردیا۔ اب دنیا بھر میں ریٹیل کے تاجروں کو ادائیگی کے نئے طور طریقوں کا انتخاب کرنا ہوگا۔ یہ آسان ہے اور صارفین کی توقعات کے عین مطابق ہے۔
کورونا وبا پر ایک برس گزرنے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ صارفین میں کیو آر کوڈ استعمال کرنے کا رجحان مسلسل ابھر رہا ہے۔ سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران ماسٹر کارڈ نے پوری دنیا میں کیو آر کوڈ کے ایک ارب آپریشن ریکارڈ کیے۔
جائزہ نگاروں نے بتایا کہ تمام شواہد ظاہر کرتے ہیں کہ کیو آر کوڈ میں مسلسل اضافہ ہوتا رہے گا کیونکہ دنیا بھرمیں نو میں سے ہر سات صارف اس سال کیو آر کوڈ کارڈز استعمال کرنے کا پروگرام بنا رہے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں