Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سعودی عرب آنے والے مسافروں کے سامان پر کسٹم؟

3 ہزار ریال سے زائد کی اشیا کے بارے میں کسٹم کو مطلع کرنا ضروری ہے(فوٹو، سبق)
محکمہ زکاۃ ، ٹیکس اینڈ کسٹم اتھارٹی  نے سعودی عرب آنے والے مسافروں کو مطلع کیا ہے کہ وہ خلیجی ممالک کے مشترکہ قوانین کے مطابق اپنی قیمتی اشیا کے بارے میں محکمہ کسٹم کو مطلع کریں۔
ویب نیوز ’عاجل‘ نے محکمہ کسٹم کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ خلیجی ممالک کے مشترکہ کسٹم قوانین کے مطابق مملکت آنے والے مسافروں پر لازم ہے کہ وہ اپنے ساتھ لائی جانے والی ایسی اشیا جن کی مالیت تین ہزار ریال سے زائد ہو اس کے بارے میں محکمہ کسٹم کو مطلع کریں۔

مسافروں کو نقد رقم اور قیمتی اشیا کے بارے میں کسٹم کو مطلع کرنا ضروری ہے(فوٹو، سبق)

ایسی اشیا جن کی مالیت تین ہزار ریال سے زائد ہوگی ان پرقانون کے مطابق کسٹم وصول کیا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسافروں کو چاہیے کہ وہ کسٹم  ایپ یا ویب سائٹ پر اپنے سامان کے بارے میں دیے گئے فارم میں اندراج کریں۔
دوسری جانب ٹریولرز اتھارٹی کی جانب سے مملکت آنے یا جانے والے مسافروں کو قوانین کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ کسٹم میں 60 ہزار ریال نقد یا اس کے مساوی دیگر کرنسی یا قیمتی دھاتیں جو ان کے پاس ہیں کے بارے میں بھی محکمہ کسٹم کو آگاہ کریں۔
علاوہ ازیں ایسے مسافر جو اپنے ہمراہ ایسی اشیا لاتے ہیں جو کسٹم قوانین میں شامل ہیں انہیں بھی چاہیے کہ وہ ان اشیا کے بارے میں حکام کو مطلع کریں۔
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ وہ مسافر جو اپنے سامان کے بارے میں کسٹم کوآگاہ نہیں کرتے اس صورت میں برآمد ہونے والے سامان کی مجموعی قیمت پر 25 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

 مطلع نہ کیے جانے پر برآمد ہونے والی اشیا پر جرمانہ عائد کیاجائے گا(فوٹو، ٹوئٹر)

دوسری بار بھی ایسا ہی عمل دہرائے جانے پر جرمانہ 50 فیصد کر دیا جائے گا اگر مسافر کے بارے میں یہ شک ہو کہ وہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہے اس صورت میں اسکا تمام سامان ضبط کرکے کیس پراسیکیوشن کے ادارے کو ارسال کر دیا جائے گا۔
محکمہ کسٹم نے قوانین کے بارے میں مکمل آگاہی کے لیے اپنی ویب سائٹ پر تفصیلات درج کی ہیں جن سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
 www.customs.gov.sa/ar/declare

شیئر: