سعودی عرب کی جانب سے انڈیا کو 160 ٹن آکسیجن کی دوسری کھیپ
قبل ازیں سعودی عرب کی جانب سے 80 میٹرک ٹن اکسیجن ارسال کی گئی (فوٹوٹوئٹر)
سعودی عرب کی جانب سے انڈیا میں کورونا متاثرین کے لیے 160 ٹن لیکیوڈ آکسیجن بھیجنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ قبل ازیں 80 میٹرک ٹن مائع آکسیجن اپریل میں انڈیا بھیجی گئی تھی۔
ویب نیوز ’عاجل‘ نے ’العربیہ‘ نیوز کے حوالے سے کہا ہے کہ دمام شہرکی فیکٹری میں آکسیجن سیلنڈروں کی بڑی کھیپ تیار کرلی گئی ہے جو بھارت ارسال کرنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے انڈیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے بگڑتی ہوئی صورتحال میں آکسیجن کی شدید قلت پیدا ہونے کے سبب لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے سعودی عرب کی جانب سے انسانی ہمدردی کے تحت انڈیا کو 80 میٹرک ٹن مائع آکسیجن فوری طورپر ارسال کی گئی جس سے وہاں حالات کو قدرے سہارا ملا۔
سعودی عرب کی جانب سے انڈْیا کو دوسری آکسیجن کی کھیپ سیلنڈروں میں ارسال کی جائے گی جس کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں دوسری کھیپ میں 160 ٹن پرمشتمل ہے۔