ویکسین لگوانے والوں کو شیشہ سروس فراہم کرنے کی اجازت
وہی گاہک آسکیں گے جو ویکسین لے چکے ہو ں گے۔( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی محکمہ صحت عامہ نے کہا ہے کہ’ قہوہ خانو ں میں صرف ویکسین لگوانے شہری اور مقیم غیر ملکیوں کو شیشہ سروس کی اجازت ہوگی‘۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ صحت عامہ کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ’ پیر سترہ مئی سے قہوہ خانوں میں شیشہ اور حقہ پیش کرنے کی اجازت دی گئی ہے لیکن شیشہ اور حقہ صرف ویکسین لگوانے والوں کو ہی پیش کیا جا سکے گا‘۔
محکمہ صحت عامہ نے واضح کیا کہ’ قہوہ خانے میں صرف وہی گاہک آسکیں گے جو ویکسین لے چکے ہو ں گے۔ شیشہ بند مقامات پر پیش کیا جاکے گا اور ڈائننگ ہال میں فراہم کرنے کی اجازت ہوگی‘۔
محکمے کا کہنا ہے کہ’ شیشہ صرف کھلے مقامات پر پیش کیا جا سکے گا جبکہ قہوہ خانوں میں ٹیبل سسٹم بھی تبدیل کرنا ہو گا۔ ایک ٹیبل سے دوسری ٹیبل کے درمیان ضروری فاصلہ کم ازکم تین میٹر کا ہونا چاہیے‘۔
یاد رہے کہ سعودی حکام قہوہ خانوں کے ملازمین کے لیے پہلے ہی ویکسین لازمی قرار دے چکے ہیں ۔
محکمہ صحت عامہ کا کہنا ہے کہ’ اگر قہوہ خانو ں کے مالکان ویکسین نہ لگوانے والوں کو ملازم رکھنا چاہیں تو انہیں ایک اور شرط کی پابندی کرنا ہوگی۔ وہ یہ کہ کارکنان پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ پیش کریں اور یہ زیادہ سے زیادہ سات دن کے لیے موثر ہوگی‘۔