طائف میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر الردف پارک بند
مشترکہ کمیٹی نے طائف میں دو دیگر پارکوں کو بھی بند کر دیا ( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں طائف میونسپلٹی نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے اور سیاحوں کی تعداد میں اضافے کے بعد الردف پارک کو بند کر دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس سے قبل مشترکہ کمیٹی نے طائف میں دو دیگر پارکوں کو بند کر دیا جن میں احتیاطی تدابیر کو صحیح طریقے سے نافذ کرنے کے حوالےسے احکامات کو نظر انداز کیا گیا تھا۔
دریں اثنا مشرقی صوبے کی میونسپلٹی نے متعلقہ حکام کے ساتھ بازاروں، تجارتی مراکز اور ریٹیل سٹوروں میں ایک ہزار 192 تفتیشی دورے اور 12 مشترکہ دورے کیے ہیں۔
ان دوروں کے نتیجے میں وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والے 17 اداروں کو بند کر دیا گیا۔
میونسپلٹی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ بازاروں میں تجارتی اور کھانے پینے کے اداروں میں نگرانی کے اپنے دوروں اور آگاہی بڑھانے کی مہم جاری رکھے گی۔
میونسپلٹی کی جانب سے یہ بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ پروٹوکولز کا اطلاق سٹورز کے اندر کیا جائے خاص طور پر باربر شاپس اور خواتین کے بیوٹی پارلز میں۔
میونسپلٹی نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ وہ کمپلینٹ کال سینٹر 940 کے ذریعے تعاون کریں اور خلاف ورزیوں کی اطلاع دیں۔
جدہ میونسپلٹی نے تجارتی مراکز اور سہولتوں کے سات ہزار 356 تفتیشی دورے کیے اور زیادہ تعداد میں بھیڑ سے متعلق امور اور توککلنا ایپ کو موثر طریقے سے استعمال کرنے میں ناکامی سے متعلق 323 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی۔
حکام نے کوویڈ 19 کے پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے پر 92 تجارتی دکانوں کو بند بھی کیا ہے۔