سعودی عرب میں کورونا ویکسین کی منظوری کا طریقہ کار کیا ہے؟
تجربات کے بعد ہی مملکت میں ویکسین کا اندراج کیا جاتا ہے۔( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے اطمینان کے لیے کورونا ویکسین کی منظوری سے متعلق طریقہ کار کی وضاحت کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی میں متعدی امراض سے بچاؤ کے دواؤں کےسیکشن کی سربراہ ابرار المشرف نے بتایا کہ ’ایس ایف ڈی اے کسی بھی ویکسین کے استعمال کی منظوری سے قبل ویکسین کو مختلف تجربات سے گزارتی ہے اس کے بعد ہی مملکت میں ویکسین کا اندراج کیا جاتا ہے‘۔
ابرارالمشرف کا کہنا ہے کہ’ ہمارے یہاں لیباریٹری میں مختلف قسم کی ویکسینیں لائی گئی تھیں۔ ہر ایک کا مقررہ سسٹم کے مطابق تجربہ کیا گیا‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’کورونا ویکسینوں کے کئی تجربات کیے جاتے ہیں۔ مثلا یہ جاننے کی کوشش کی جاتی ہے کہ یہ ویکسین کس حد تک موثر ہے۔ یہ بھی پتہ لگایا جاتا ہےکہ آیا ویکسین میں موجود موثر مادہ حقیقت میں ہے بھی یا نہیں‘۔
علاوہ ازیں ایک تجربہ یہ کیا جاتا ہے کہ اس کے استعمال سے کسی قسم کے سائیڈ ایفیکٹس تو نہیں ہوں گے۔
ابرار المشرف کا کہنا ہے کہ ’ویکسین کے محافظ مواد کا بھی تجربہ کیا جاتا ہے۔ ان تمام تجربات سے گزار کر ہی ویکسین سعودی عرب درآمد کرنے کا لائسنس جاری کیا جاتا ہے‘۔