Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب جانے کے خواہشمند چالیس سال سے کم عمر افراد کو ایسٹرا زینکا لگانے کا فیصلہ ہو سکتا ہے؟

اسلام آباد کے ڈسٹرک ہیلتھ آفیسر ضعیم ضیا کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ آنے والے دنوں میں سعودی عرب اور دیگر ممالک جانے کے خواہش مند 40 سال سے کم عمر پاکستانیوں کو برطانیہ کی ایسٹرا زنیکا ویکسین لگانے کا فیصلہ ہو جائے تاہم ابھی تک واضح ہدایات ہیں کہ یہ ویکیسن صرف 40 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو لگ سکتی ہے۔
اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ضعیم ضیا کا کہنا تھا کہ جو 40 سال سے کم عمر افراد کو ایسٹرا زنیکا لگانے کے حوالے سے بہت کلیئر ہدایات ہیں جو وزارت صحت کی ویب سائٹس پر بھی ہیں کہ ایسے افراد کو یہ ویکسین نہیں لگ سکتی کیونکہ اس کا ابھی سیفٹی ڈیٹا نہیں ہے۔
ڈاکٹر ضعیم ضیا کے مطابق یہ ایک قومی فیصلہ ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ ’شاید آنے والے دنوں میں اس پر کوئی اور فیصلہ ہو۔ جب تک نہیں ہوتا ہم قواعد میں نرمی نہیں کر سکتے۔‘
اس وقت 40 سال سے کم عمر پاکستانیوں کو چین کی سائنو فارم، سائنو ویک اور کین سائنو لگائی جا رہی ہے جبکہ پرائیویٹ سطح پر روس کی ویکیسن سپتنک فائیو بھی ایسے افراد کو لگائی جا رہی ہے۔
ڈی ایچ او اسلام آباد کے مطابق چالیس سال سے زائد عمر کے جو افراد سعودی عرب یا دیگر ممالک کا سفر کرنا چاہتے ہیں اگر وہ ایسٹرا زینکا لگوانا چاہیں تو انہیں سینٹرز پر یہی ویکیسن لگا دی جاتی ہے۔ 
’تاہم زیادہ مسئلہ تب آتا ہے جب 40 سال سے کم عمر افراد یہ مطالبہ کریں کہ انہیں ایسٹرا زینکا لگائی جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ اس کے اوپر ماہرین کی کمیٹی یا جو متعلقہ فورم ہیں ان کی ہدایات ہیں ہم ان کی پابندی کرتے ہیں اور ابھی تک ہمیں ایسی ہدایات نہیں ملی  لیکن ہو سکتا ہے اگلے کچھ دنوں میں کوئی گائیڈ لائن آئے اور یہ تمام مسائل حل ہوں۔
یاد رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے حج، عمرہ یا مملکت کے سفر کے لیے کورونا ویکسینیشن کی شرط  کے بعد پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھی سعودی حکومت سے رابطہ کر رکھا ہے۔

اس وقت 40 سال سے کم عمر پاکستانیوں کو چین کی سائنو فارم، سائنو ویک اور کین سائنو لگائی جا رہی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے گذشتہ ہفتے اردو نیوز کو تصدیق کی تھی کہ پاکستان نے سفر کے لیے کورونا ویکسین کا معاملہ سعودی حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان نے سعودی حکومت کو تجویز دی ہے کہ پاکستان میں استعمال ہونے والے چینی ویکسینز کو بھی سعودی حکام کی جانب سے تسلیم کردہ ویکیسن کی لسٹ میں شامل کی جائیں۔
زاہد حفیظ چودھری نے بتایا کہ وزارت خارجہ اس معاملے کو سعودی حکومت کے ساتھ دیکھ رہی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی ٹریول پالیسی کے مطابق سعودی عرب صرف ان شہریوں کو مملکت میں داخلے کی اجازت دے گا جنہوں نے فائزر، موڈرنا، جانسن اینڈ جانسن اور ایسٹرازینکا کی ویکسین لگوائی ہو۔

شیئر: