Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسد عمر اور محمد زبیر پھر آمنے سامنے، ’معیشت تباہ حال ہے‘

اسد عمر نے لکھا کہ ’معیشت کو دیرپا ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔‘ (فوٹو اے ایف پی)
وفاقی وزیر اسد عمر اور مسلم لیگ ن کے رہنما اور ان کے بھائی محمد زبیر کے درمیان معیشت کے حوالے سے ٹوئٹر پر نوک جھونک ہوئی ہے۔
اسد عمر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہ جو پوچھ رہے ہیں کہ اچانک معیشت کی رفتار کیسے تیز ہو گئی؟ ان کی خدمت میں 3 اپریل 2019 کا میرا یہ کلپ۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’اس وقت بتایا تھا کے دو سال لگیں گے۔ پہلے دن سے عمران خان حکومت کی واضح حکمت عملی ہے۔ معیشت کو دیرپا ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔ فوری مقبولیت کے فیصلے نہیں کرنے۔‘
محمد زبیر نے جواب میں لکھا کہ ’پہلی بات معیشت تباہ حال ہے۔ افراط زر ریکارڈ ہونے کی حد پر ہے۔ دو کروڑ سے زیادہ افراد کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا گیا ہے۔ 50لاکھ افراد روزگار سے محروم ہوگئے، لیکن ایک منٹ کے لیے اگر ہم آپ کی بات مان بھی ليں تو پھر مسئلہ آپ کا کپتان ہے جس نے آپ کو اسی مہینے تبدیل کردیا۔‘
دونوں بھائیوں کی نوک جھونک میں ٹوئٹر صارفین بھی شامل ہوگئے۔ کوئی پی ٹی آئی حکومت کی تعریف کرنے لگا اور کسی نے تنقید کے نشتر چلائے۔
ٹوئٹر صارف عاصم رانا نے لکھا کہ ’اسد عمرصاحب لگتا ہے کہ یہ سب شوکت عزیز دور کی طرح کا ایک ببل ہے، جس میں بیرونی سرمایہ کاروں اور ملک کے اندر موجود لوگوں کو ریئل سٹیٹ سمیت ہر جگہ ترقی دکھا کر پیسہ لگانے پر مجبور کیا، اور پھر سب اچانک غائب، منفی چار سے دو ہفتوں میں 3.94۔‘
اویس خان نے لکھا کہ ’وزارت خزانہ میں تین سال میں چار بار رد و بدل کیا گیا۔ یکسوئی سے کسی کو بھی کام کرنے کا موقع نہیں دیا گیا، لیکن باوجود اس سب کے معیشت کی شرح ناقابل یقین حد تک پہنچا دینے کے دعوے کیے جارہے ہیں۔ سمجھ رہے ہیں عوام کو ہمیشہ کی طرح بے وقوف بنا لیں گے، لیکن حقیقت میں آپ لوگ خود اپنے آپ سے جھوٹ بول رہے ہیں۔‘

محمد حمزہ نے اسد عمر کی حمایت میں کہا کہ ’ہم آپ کے پیچھے ہیں سر۔ ہم جب بھی پی ٹی آئی کی پالیسی کی بات کرتے تو ہمارے گھر والوں اور دوستوں نے مذاق اڑایا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم فخر محسوس کریں۔‘

پاکستان دا بوٹا نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’یہ سوال کس نے کیا ہے کہ معاشی اعداد ایک دم سے اتنے اچھے کیسے ہو گئے؟ ہم تو برملا کہہ رہے ہیں آپ جھوٹ بول رہے ہیں۔ ثابت کر دیں کہ آپ سچے ہیں اور تمام بین الاقوامی ادارے غلط ہیں۔‘

 کے ٹی مراد نے لکھا کہ ’پی ٹی آئی اور حکومتی معاملات/سیاست میں دلچسپی کی وجہ ہی آپ ہیں اسد صاحب، اس وقت سے جب آپ نے پی ٹی آئی جوائن کی۔ فرٹیلائزر انڈسٹری کے دنوں میں آپ سے تعارف ہوا اور ہمیشہ خوشی ہوئی آپ کی صلاحیتوں کو قریب سے جان کر۔ آپ کا اور عمران خان کا ساتھ  بہت تقوت کا باعث ہے۔‘

 

شیئر: