Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جنوبی ایشیا کا امن واستحکام خطے کے زیر التوا مسائل کے حل سے جڑا ہے‘

اپنے خطاب میں آرمی چیف نے عالمی دہشت گردی سے نمٹنے کے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔ فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام کا انحصار خطے میں طویل عرصے سے موجود مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت پر ہے۔
پیر کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کا دورہ کیا۔
انہوں نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کی فیکلٹی اور افسران سے خطاب میں پیشہ ورانہ امور، داخلی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے معاملات پر گفتگو کی۔
اس موقع پر خطاب میں آرمی چیف نے عالمی دہشت گردی سے نمٹنے کے پاکستان کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ اس حوالے سے پوری قوم کو ساتھ لے کر چلنے کی اپروچ لی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کا امن واستحکام خطے کے زیر التوا مسائل کے حل کے ساتھ جڑا ہے۔ اس پر پیشرفت بامعنی بین الاقوامی سپورٹ اور پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کے عزم سے ہی ممکن ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے خطاب میں کورونا وائرس پر بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی وبا پر قابو پانے کے لیے پاک فوج دیگر اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ مشترکہ قومی کوششیں ملک کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جا سکتی ہیں۔

شیئر: