Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ کے ریئلٹی شو میں پاکستانی نژاد شیف مریم اشتیاق کے تندوری چکن کے چرچے

مریم اشتیاق پاکستانی نژاد امریکی شیف ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)
پاکستانی نژاد امریکی شیف اور انسٹاگرام انفلوئنسر مریم اشتیاق امریکی ریئلٹی شو ’نیکسٹ لیول شیف سیزن 4‘ میں ایک کنٹیسٹنٹ کے طور پر شامل ہیں۔
’نیکسٹ لیول شیف‘ کے جج اور معروف سلیبریٹی شیف گارڈن رامسے نے نہ کہ صرف مریم اشتیاق کے تندور چکن کی ستائش کی ہے بلکہ پاکستان کے کھانوں کی بھی تعریف کی۔
گارڈن رامسے نے پاکستانی کھانوں کی تعریف ’نیکسٹ لیول شیف‘ کے چوتھے سیزن کے دوران اس وقت کی جب مریم اشتیاق نے تندوری چکن پکایا۔
گارڈن رامسے نے کہا کہ ’دنیا کی چند بہترین غذائیں پاکستانی کھانے ہیں۔‘
گارڈن رامسے اپنی شاندار شخصیت اور مختلف کھانوں کی ریسیپیز کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔
گارڈن رامسے مریم اشتیاق کی گھر کے بنے مکھن میں پکے تندوری چکن سے خوب متاثر ہوئے اور انہوں نے اسے تندوری چکن کے ساتھ مکمل انصاف قرار دیا۔
انسٹاگرام پر ’نیکسٹ لیول شو‘ میں اپنی سلیکشن کا اعلان کرتے ہوئے مریم اشتیاق نے لکھا کہ ’اس موقع پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہوں، یہ ایک شاندار پلیٹ فارم پر اپنے جذبے کو دکھانے اور اپنی کمیونٹی کی نمائندگی کرنے کا ایک زبردست موقع ہے۔‘
وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’میں یہاں آ کر بہت خوش ہوں اور دنیا کے سامنے پاکستانی کھانوں سے اپنی محبت کا اظہار کرنا چاہتی ہوں۔‘

مریم اشتیاق کون ہیں؟

مریم اشتیاق پاکستانی نژاد امریکی شیف اور انسٹاگرام انفلوئنسر ہیں۔ انسٹاگرام پر ان کے  ساڑھے تین لاکھ کے قریب فالورز ہیں۔
فیس بُک پروفائل کے مطابق مریم اشتیاق نیویارک میں مقیم ہیں۔
مریم اشتیاق کی لنکڈ ان پروفائل کے مطابق انہوں نے امریکہ کے ’جیورجیا جیونٹ‘ کالج سے بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ مینجمنٹ کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
اس کے علاوہ وہ فوڈ برینڈ ’اٹس ایکچولی‘ کی شریک بانی ہیں۔

’نیکسٹ لیول شیف‘ کیا ہے؟

’نیکسٹ لیول شیف‘ ایک امریکی ریئلٹی شو ہے جو امریکی ٹی وی چینل ’فوکس‘ پر نشر ہوتا ہے۔
’نیکسٹ لیول شیف‘ کی شروعات سنہ 2022 میں ہوئی تھی۔ اس شو کے ججز پینل میں عالمی ایوارڈ یافتہ شیف شامل ہیں۔
کلنیری آرٹس کی دنیا میں اس شو کو کافی مقبولیت حاصل ہے۔

گارڈن رامسے کون ہیں؟

گارڈن رامسے ایک برطانوی سلیبرٹی شیف، ٹی وی ہوسٹ اور رائٹر ہیں۔
گارڈن رامسے مشہور ریسٹورنٹ چین ’گارڈن رامسے ریسٹورنٹس‘ کی بھی مالک ہیں۔

’گارڈن رامسے ریسٹورینٹس‘ کی برانچیں دنیا کی مہنگی ترین جگہوں پر ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)

’گارڈن رامسے ریسٹورنٹس‘ کی برانچیں دنیا کی مہنگی ترین جگہوں پر ہیں۔
گارڈن رامسے کو دنیا کے کامیاب ترین باورچیوں میں سے ایک تصور کیا جاتا ہے۔ گارڈن رامسے امریکی ریالٹی شو ’نیکسٹ لیول شیف‘ کے جج ہیں۔

 

شیئر: