پاکستان سے 400 سے زائد ڈاکٹرز رواں ہفتے کویت جائیں گے :شیخ رشید
کویت نے پاکستانی شہریوں کے لیے فیملی اور بزنس ویزا بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ (فوٹو: وزارت داخلہ پاکستان)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ان کا دورہ کویت بہت کامیاب رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے منگل کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ایک روزہ دورے پر کویت گئے تھے۔ ’سنہ2011 کے بعد یہ کویت کا کامیاب ترین دورہ تھا، جس میں فیملی، بزنس اور ڈاکٹر ویزے کے علاوہ پٹرولیم کی صنعت سے وابستہ لوگوں کے ویزے بھی کھل گئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ 425 ڈاکٹرز اسی ہفتے کسی بھی دن کویت کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح نے تعمیرات کے شعبے سے وابستہ افراد کے ویزے جاری کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے جو 30 لاکھ ویزے کھولنے کا اعلان کیا ہے، اس میں سے 30 فیصد پاکستانیوں کے لیے مختص کیے ہیں۔
’پاکستان کا جی ڈی پی چار فیصد تک پہنچنے کی بنیادی وجہ غیر ملکی ترسیلات ہیں، جن میں مزید اضافہ ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ کویت میں 52 پاکستانی مختلف جیلوں میں قید ہیں جن میں سے چھ واپس آنا چاہتے ہیں، ان میں سے اکثر منشیات کے کیسز میں سزا یافتہ ہیں۔