Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین کے دیہات میں ہاتھیوں نے تباہی مچا دی، لاکھوں ڈالر کا نقصان

یونن صوبے میں جنگلی ہاتھیوں کی تعداد بڑھ کر 300 کے قریب ہو گئی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
چین میں ہاتھیوں کے ایک جھنڈ نے ملک کے جنوب مغربی علاقے کے دیہات میں فصلوں کو تباہ کر دیا ہے جس سے کسانوں کو لاکھوں ڈالروں کا نقصان ہوا ہے۔ 
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین کے سرکاری چینل سی سی ٹی وی نے بتایا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران 15 ہاتھیوں نے مکئی کی فصلیں اکھاڑیں اور ایک گودام میں گھس کر وہاں ذخیرہ کی گئی اشیا کھا لیں۔  
یہ بات ابھی تک واضح نہیں ہوئی کہ یہ جنگلی ایشیائی ہاتھی، جو کہ چین میں ایک محفوظ نسل ہیں، یونن صوبے کے ژیشوانگبانا نیشنل نیچر ریزرو سے کیوں نکلے۔  
ان ہاتھیوں کی منزل کا بھی ابھی تک اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔ 
تاہم منگل کو یونن صوبے کے حکام کا کہنا تھا کہ یہ جھنڈ لاکھوں کی آبادی والے صوبائی دارالحکومت سے صرف 20 کلومیٹر دور ایک شہر میں تھا۔  
ماہرین کا ماننا ہے کہ اس جھنڈ کے سربراہ نے ہاتھیوں نیشنل ریزرو سے نکالا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کا اتنا دور سفر کرنا کوئی عام بات نہیں۔  
سی سی ٹی وی کے مطابق اپریل کے وسط سے اب تک ان ہاتھیوں نے فصلوں کو تباہ کر کے تقریباً 10 لاکھ ڈالر سے زائد کا نقصان کیا ہے۔  

 جنگلی ایشیائی ہاتھی یونن صوبے کے ژیشوانگبانا نیشنل نیچر ریزرو سے نکلے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ہاتھیوں کی وجہ سے  ب تک کسی جانی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔ تاہم مقامی افراد ہاتھیوں کو کھانا فراہم کر کے اور ٹرکوں سے سڑکیں بند کرکے انہیں فصلوں سے باہر نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔  
یونن صوبے میں جنگلی ہاتھیوں کی تعداد تقریباً 300 ہے جو سنہ 1980 کی دہائی کی 193 کی تعداد سے بڑھی ہے۔  
اس حوالے سے مقامی افسران کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں اس طرح کے ہاتھیوں کے دیہات میں گھس کر فصلوں کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات میں اضافہ ہوا ہے۔  

شیئر: