Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹائیگر شروف اور دیشا پٹانی کے خلاف مقدمہ کیوں درج ہوا؟

ممبئی پولیس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دونوں فنکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی تصدیق کی ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
لاک ڈاؤن کے دوران ممبئی کی سڑکوں پر گاڑی میں گھومنے پر بالی وڈ کے مشہور اداکار ٹائیگر شروف اور اداکارہ دیشا پٹانی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
انڈیا کی ایشین نیوز انٹرنیشنل نیوز ایجنسی (اے این آئی) کے مطابق بالی وڈ کے ان فنکاروں کے خلاف مقدمہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر نافذ کی گئی پابندیوں کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ٹائیگر شروف اور دیشا پٹانی دن دو بجے کے بعد اپنے گھروں سے باہر نکلنے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتا سکے۔
ممبئی پولیس نے جمعرات کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دونوں فنکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی تصدیق کی ہے۔
پولیس نے ٹائیگر شروف اور دیشا پٹانی کا نام تو نہیں لیا مگر ان کی مشہور فلموں کا نام لیتے ہوئے بڑے منفرد انداز میں دونوں کا حوالہ دیا ہے۔
ممبئی پولیس نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’وائرس کے خلاف جاری ’وار‘ میں باندرا کی سڑکوں پر ’ملنگ‘ بن جانے پر دو اداکاروں پر باندرا پولیس سٹیشن نے سیکشن 188 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ ہم ممبئی کے تمام شہریوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ایسی غیرضروری ’ہیروپنتی‘ سے گریز کریں جو کورونا وائرس کے خلاف احتیاط کو متاثر کرے۔‘
ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ ممبئی پولیس نے بالی وڈ کی کسی مشہور شخصیت کو دلچسپ جواب دیا ہو بلکہ اس سے پہلے بالی وڈ کی ببلی گرل عالیہ بھٹ اور معروف اداکار اجے دیوگن کی ایک ٹویٹ کے جواب میں بھی ممبئی پولیس نے انہیں انوکھے انداز میں جواب دیا تھا۔

پولیس نے ٹائیگر شروف اور دیشا پٹانی کا نام تو نہیں لیا مگر ان کی مشہور فلموں کا نام لیتے ہوئے بڑے منفرد انداز میں دونوں کا حوالہ دیا ہے (فوٹو:انسٹاگرام)

ٹائیگر شروف اور دیشا پٹانی کے حوالے سے یہ خبریں بھی زیرگردش ہیں کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ ریلیشن شپ میں ہیں تاہم دونوں نے ابھی تک ان خبروں کی تصدی یا تردید نہیں کی ہے۔
جیسے ہی دونوں اداکاروں کے خلاف مقدمے کی خبریں سامنے آئیں، ٹائیگر شروف کی والدہ عائشہ شروف نے ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ’آپ کو غلط معلومات ملی ہیں، وہ گھر آ رہے تھے اور اہلکار آدھار کارڈ (شناختی کارڈ) چیک کر رہے تھے۔ ایسے وقت میں کوئی بھی گھومنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ براہ مہربانی ایسا کچھ بھی کہنے سے پہلے اپنی معلومات کی تصیح کر لیا کیجیے۔‘
تاہم، ممبئی پولیس کی ٹویٹ کے بعد عائشہ شروف نے اپنی یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی۔

شیئر: