'ڈیئر زندگی‘ کا خیال رکھیں‘ پولیس کا عالیہ بھٹ کو جواب
جمعرات 9 اپریل 2020 19:30
بالی وڈ کی ببلی گرل کی ٹویٹ پر ممبئی پولیس نے منفرد انداز میں جواب دیا (فوٹو:سوشل میڈیا)
بالی وڈ کی ببلی گرل عالیہ بھٹ اپنی معصومانہ باتوں کی وجہ سے اپنے مداحوں کا دل جیت لیتی ہیں مگر اس بار ان کی ایک ٹویٹ پر ممبئی پولیس کے جواب نے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔
عالیہ بھٹ بھی شوبز انڈسٹری کے دیگر ستاروں کی طرح کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں میں اس وبا کے حوالے سے آگاہی مہم کا حصہ ہیں۔
انہوں نے جمعرات کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاون میں بھی اپنی خدمات جاری رکھنے والی ممبئی پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ' شکریہ ممبئی پولیس، آپ (پولیس) سے محبت اور تشکر کے اظہار کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔
اس کے ساتھ ہی عالیہ بھٹ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان (پولیس ) کی خاطر گھروں میں رہیں۔
بالی وڈ کی ببلی گرل کی اس ٹویٹ پر ممبئی پولیس نے منفرد انداز میں جواب دیا۔
ممبئی پولیس کے ٹوئٹر اکاونٹ نے عالیہ بھٹ کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے ان ہی کی فلموں کے نام کے ساتھ پیغام دیا۔
ٹویٹ میں کہا گیا کہ 'ممبئی کے رہنے والے لوگو!ہمیں امید ہے کہ آپ سب محترمہ عالیہ بھٹ کی اس نصیحت پہ 'راضی' ہوں گے کہ کسی بھی 'گلی' میں گھومنے پھرنے کا خطرہ مول نہ لیں اور اپنی 'ڈیئر زندگی' کا خیال رکھیں۔'
ممبئی پولیس کی اس ٹویٹ سے انڈیا کے سوشل میڈیا صارفین خوب محظوظ ہوئے اور اسی انداز میں تبصرے کرنے لگے۔
روحان نامی صارف نے لکھا کہ 'اگر آج کل لوگ 'راضی' نہ ہوئے اور 'ہائی وے' پر جانا جاری رکھا تو وہ 'کلنک' سے کم نہیں۔ دوستو! ہمیں پتا ہے کہ لاک ڈاون میں رہنا 'اے دل ہے مشکل' لیکن پھر بھی گھروں میں 'شاندار' طریقے سے رہیے۔'
ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ ممبئی پولیس نے بالی وڈ کی کسی مشہور شخصیت کو دلچسپ جواب دیا ہو بلکہ اس سے پہلے معروف اداکار اجے دیوگن کی ایک ٹویٹ کے جواب میں بھی ممبئی پولیس نے انہیں انوکھے انداز میں شکریہ کہا تھا۔