Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انکیتا لوکھنڈے سشانت سنگھ کی وجہ سے ’بریک‘ لے رہی ہیں؟

انکیتا لوکھنڈے اور سشانت سنگھ راجپوت نے ٹی وی شو ’پویتر رشتہ‘ میں ایک ساتھ اداکاری کی تھی (فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)
جون کا مہینہ بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے اپنے مداحوں سے ہمیشہ کے لیے بچھڑ جانے کا مہینہ ہے۔ گذشتہ سال اسی مہینے کی 14 تاریخ کو انڈسٹری میں ’سیلف میڈ ایکٹر‘ سمجھے جانے والے سشانت سنگھ راجپوت اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔
سشانت سنگھ راجپوت کی ساتھی اداکارہ اور دوست انکیتا لوکھنڈے نے جون کے شروع میں اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں ’ٹوٹے ہوئے دل‘ کا ایموجی بنایا تھا اور اب انہوں نے جمعرات کو ایک پوسٹ میں سوشل میڈیا سے کچھ وقت کے لیے ’بریک‘ لینے کا اعلان کیا ہے۔
اگرچہ انکیتا لوکھنڈے نے اس پوسٹ کے ساتھ کوئی تفصیل نہیں لکھی لیکن صارفین کا خیال ہے کہ وہ سشانت سنگھ راجپوت کی برسی کی وجہ سے ایسا کر رہی ہیں۔
انکیتا لوکھنڈے کی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’یہ گڈ بائے نہیں بلکہ سی یو لیٹر ہے۔‘
سشانت سنگھ نے گذشتہ سال 3 جون کو ہی اپنے انسٹاگرام پر آخری پوسٹ شیئر کی تھی جو ان کی اپنی والدہ کے ساتھ ایک تصویر تھی۔
انکیتا لوکھنڈے اور سشانت سنگھ راجپوت نے ٹی وی شو ’پویتر رشتہ‘ میں ایک ساتھ اداکاری کی تھی اور اس ڈرامے نے دونوں کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔ انکیتا اور سشانت تقریباً چھ سال تک ایک دوسرے کے ساتھ رہے اور پھر 2016 میں دونوں کی راہیں جدا ہو گئیں۔
رواں ہفتے کے شروع میں انکیتا لوکھنڈے نے پویتر رشتہ کو بارہ سال مکمل ہو جانے پر اپنے مداحوں کے ساتھ بات چیت کے سیشن میں کہا تھا کہ ’سشانت اب ہمارے ساتھ نہیں ہیں اور پویتر رشتہ ان کے بغیر ادھورا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ آج ہمیں دیکھ رہے ہوں اور جہاں بھی ہوں گے خوش ہوں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’سشانت نے ہمیشہ مجھے اداکاری سکھائی، کیونکہ میں جونیئر اور وہ سینیئر تھے۔‘

بی 2_132 کے نام سے ایک صارف نے لکھا کہ ’بالکل ایک سال پہلے سشانت سنگھ راجپوت نے انسٹاگرام پر آخری دفعہ پوسٹ کیا تھا۔‘

سشانت کی فین کے نام سے ایک صارف نے لکھا کہ ’سشانت سنگھ راجپوت کی طرف سے یہ کبھی بھی گڈ بائے نہیں، یہ ان کی طرف سے دوبارہ ملنے کا خط ہے اور ایسا جلد ہوگا۔‘

شیئر: