لندن: ہیرڈز سٹور کے سکیورٹی اہلکار پر تھوکنے والی خاتون کون ہیں؟
لندن: ہیرڈز سٹور کے سکیورٹی اہلکار پر تھوکنے والی خاتون کون ہیں؟
اتوار 6 جون 2021 13:14
لندن کے ڈیپارٹمنٹ سٹور ہیرڈز میں سکیورٹی گارڈ پر تھوکنے والی خاتون کے بارے میں عرب نیوز نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 20 سالہ یسریٰ ایلمزوری ہیں جن کا تعلق عرب خطے سے ہے اور وہ مغربی لندن کی رہائشی ہیں۔
میٹروپولیٹن پولیس نے اپنے ایک بیان میں عرب نیوز کو تصدیق کی ہے کہ سکیورٹی گارڈ پر تھوکنے والی خاتون جن کے بارے میں یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ عرب خطے سے تعلق رکھتی ہیں، کو جمعرات کو حراست میں لیا گیا اور جمعے کو ان پر فرد جرم عائد کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ ضمانت پر ہیں اور دو جولائی کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہوں گی۔
منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں یسریٰ کو لندن کے مشہور ڈیپارٹمنٹ سٹور ہیرڈز کے باہر سکیورٹی آفیسر پر تھوکتے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد وہ وہاں سے دوڑ لگا دیتی ہیں تاہم سکیورٹی اہلکار ان کا تعاقب کر کے انہیں پکڑ لیتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی اس ڈرامائی فوٹیج میں تین خواتین پر مشتمل گروپ کو دیکھا جا سکتا ہے جنہیں سکیورٹی اہلکار نے چہرے ماسک نہ پہننے کی وجہ سے سٹور سے جانے کا کہا تھا۔
لندن میں کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر تمام ان ڈور عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
یہ ویڈیو سٹور کے باہر ایک راہ گیر نے بنائی جس کے شروع میں سیخ پا خواتین کا ایک گروپ سکیورٹی گارڈز کے ساتھ الجھ رہی ہیں اور پھر ایک خاتون سکیورٹی اہلکاروں میں سے ایک کو ٹانگ مارتی دکھائی دیتی ہیں۔
اس کے بعد ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین اور درجنوں سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھگڑا ہو رہا ہے جو انہیں سٹور میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں۔
سکیورٹی گارڈ جیسے ہی خواتین کو سٹور سے باہر دھکیلتے ہیں تو ایک خاتون ان اہلکاروں میں سے ایک کے چہرے پر تھوک کر بھاگ جاتی ہیں۔
جیسے ہی وہ دوڑ کر قریبی سڑک پار کرنے کی کوشش کرتی ہیں وہ اہلکار ان کا تعاقب کرتا ہے اور پھر دیگر سکیورٹی اہلکار بھی ان کا پیچھا کرتے ہیں۔
وہ پکڑی جاتی ہیں اور ویڈیو میں اہلکار انہیں مصروف سڑک کے درمیان میں گھسیٹتے دکھائی دیتے ہیں۔
ہیرڈز کیا جانب سے عرب نیوز کو بھیجے گئے بیان کے مطابق ’سٹور میں ایک گروپ کے جارحانہ انداز میں پیش آنے کی شکایات موصول ہونے کے بعد ہیرڈز سکیورٹی کو طلب کیا گیا تھا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ایسے کسی بھی رویے کے خلاف جس سے ہمارے صارفین اور عملے کے خطرے میں پڑنے کا خدشہ ہو، ہماری سکیورٹی ٹیم سٹور کے اندر موجود لوگوں کی حفاظت کرنے میں تربیت یافتہ ہے۔‘
’جب سکیورٹی نے انہیں ہٹانے کی کوشش کی تو انہوں نے طاقت کے ساتھ مزاحمت کی اور انتہائی جارحانہ انداز اپنایا جس میں ایک سکیورٹی آفیسر پر تھوکنا بھی شامل ہے۔‘
ترجمان نے مزید بتایا کہ ’ان میں سے ایک کو بعد میں موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔‘
واضح رہے کہ برطانیہ کے قوانین کے مطابق کسی شخص پر تھوکنے کو جرم تصور کیا جاتا ہے۔