Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب لبنان کےمستقبل کے بارے میں پرامید ہے: فیصل بن فرحان

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ لبنان کا مستقبل اس کے عوام کے ہاتھوں میں ہے۔ (فوٹو: ایکس)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے لبنان کے صدر جوزف عون کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزدہ محمد بن سلمان کی طرف سے ان کے صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔
جمعرات کو سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان 15 سال بعد لبنان کے دورے پر پہنچے تھے۔
عرب نیوز کے مطابق لبنان پہنچنے کے بعد سعودی وزیر خارجہ نے صدر جوزف عون سے ملاقات کی جو ایک گھنٹے تک جاری رہا۔
ملاقات کے بعد شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’ہم نے خطے میں ہونے والی تبدیلیوں پر گفتگو کی اور میں ان کو (صدر عون) سعودی عرب کی جانب سے لبنان اور اس کے عوام کی ہر شعبے میں تعاون کی پیش کش کی۔‘
سعودی وزیرخارجہ نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد اور قرار داد نمبر 1710 کی پابندی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب صدر جوزف عون کے افتتاحی خطاب میں اصلاحاتی اپروچ کے پیش نظر لبنان کے مستقبل کے بارے میں پرامید ہے۔
’ہمیں صدر اور نامزد وزیراعظم  پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ لبنان میں ضروری اصلاحات پر عمل در آمد کریں گے جس سے نہ صرف لبنان پر دنیا کے اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کے استحکام میں بھی مدد گار ہوگا۔‘
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’ہم پرامید ہیں کہ لبنانی قیادت موقع کا فائدہ آٹھائے گی اور ملک کے لیے سنجیدگی سے کام کرے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ مملکت لبنان کے استحکام اور ترقی کے لیے تمام شعبوں میں مکمل تعاون جاری رکھے گا۔
سعودی وزیر خارجہ نے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کی ضروت پر زور دیا۔

سعودی وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ صدر جوزف عون کا انتخاب ’نہایت ہی مثبت پیش رفت‘ ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی وزیر خارجہ کا دورہ لبنان دونوں ممالک کے درمیان کئی سالوں کی کشیدہ تعلقات میں ایک ٹرننگ پوائنٹ ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ لبنان کی سیاست پر حزب اللہ کا غلبہ اور خلیجی ممالک میں لبنان کے غیر قانونی بارڈر کراسنگ سے منشیات کی سمگلنگ تھا۔
ڈیوس میں سعودی وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ صدر جوزف عون کا انتخاب ’نہایت ہی مثبت پیش رفت‘ ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے حکومت سازی کا خیرمقدم کیا تاہم انہوں نے حقیقی اصلاحات کی ضروت پر زور دیا تھا۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ لبنان کا مستقبل اس کے عوام کے ہاتھوں میں ہے اور وہ ایسے فیصلے لیں جو ملک کو ایک نئی سمت میں آگے لے جائے۔

شیئر: