Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ودیا بالن صنفی امتیاز پر برہم: 'کھانا بنانا' کیوں آنا چاہیے؟

ودیا بالن کہتی ہیں کھانا بنانے کے معاملے میں ان میں اور ان کے شوہر میں فرق نہیں ہونا چاہیے۔ (فوٹو: زوم ٹی وی انٹرٹینمنٹ)
بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن نے صنفی امتیاز کا شکار ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ایک بار یہ بھی کہا گیا کہ انہیں 'کھانا بنانا آنا چاہیے۔'
ودیا بالن نے صنفی امتیاز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بارے میں بات کرنے والوں کو کھری کھری سنا دیتی ہیں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ 'میرا خیال ہے ہم سب کو صنفی امتیاز کا سامنا رہا ہے اور یہ صرف مخالف جنس کے افراد ہی نہیں کرتے۔ مجھے بھی یہی لگتا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے بارے میں اندازے لگاتے ہیں۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے صنفی امتیاز کا سامنا رہا ہے۔ مجھے غصہ آتا ہے۔۔۔ پھر میں انہیں کھری کھری سنا دیتی ہوں۔ اب یہ کم ہوتا ہے لیکن پھر بھی ہو جاتا ہے۔'
انہوں نے بتایا کہ 'مجھے یاد ہے لوگوں نے مجھے کھانے (کی میز) پر کہا کہ آپ کو کھانا بنانا آنا چاہیے۔ حالانکہ مجھے اور سدھارتھ  رائے کپور دونوں کو ہی کھانا بنانا نہیں آتا۔'
ودیا بالن نے بتایا کہ ان لوگوں نے اس بات پر زور دیا کہ انہیں کھانا بنانا آنا چاہیے، تاہم وہ مانتی ہیں کہ اس معاملے میں ان میں اور ان کے شوہر میں فرق نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ جب ان کی والدہ انہیں کھانا بنانا سیکھنے کا کہتی تھیں تو ودیا بالن کا جواب ہوتا تھا کہ 'میں یا تو اتنا کماؤں گی کہ کسی کو کھانا بنانے کے لیے رکھ لوں یا کسی ایسے آدمی سے شادی کروں گی جو کھانا بنا سکتا ہو۔'
ودیا بالن ان مسائل کے بارے میں بات کرتی رہتی ہیں جن کا انہیں سامنا رہتا ہے۔ مارچ میں ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ کیسے ان کا وزن 'قومی مسئلہ' بن گیا تھا۔

شیئر: