Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نٹ کھٹ‘ ودیا بالن بطور فلم ساز قسمت آزمانے کو تیار

فلم ’نٹ کھٹ‘ فلم کا موضوع جنسی عدم مساوات، ریپ، گھریلو تشدد اور پدر شاہی ہے۔(فوٹو:اے ایف پی)
بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن اب فلم ساز بننے کے لیے تیار ہیں اور وہ اپنی ایک شارٹ فلم ’نٹ کھٹ‘ لے کر آ رہی ہیں جس میں وہ خود بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
سیف علی خان کے ساتھ فلم ’پرینیتا‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والی ودیا بالن کو ان کی اداکاری کے لیے قومی ایوارڈ کے ساتھ کئی دیگرایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔
تامل فلموں سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ نے کہا کہ ’نٹ کھٹ‘ میں جنسی عدم مساوات، ریپ، گھریلو تشدد، پدر شاہی یعنی لڑکوں کو لڑکیوں پر ترجیح دینے اور خواتین کو اس کی اصل شناخت کے بجائے رشتوں کی بنیاد پر پہچاننے  اور اس کے علاوہ ان کے لیے تمام حدود کو توڑنے کو پیش کیا گیا ہے۔
دی ڈرٹی پکچر کی 40 سالہ داکارہ نے اپنے بیان میں 'نٹ کھٹ' کی کہانی کے بارے میں بتایا کہ 'یہ ایک بہت خوبصورت اور مضبوط کہانی ہے جس نے ایک طرح سے مجھ  سے کہا کہ اس میں اداکاری بھی کروں اور فلم ساز بھی بنوں۔'

ودیا بالن کا کہنا ہے کہ ان فلم ’نٹ کھٹ‘ کی کہانی بہت خوبصورت اور مضبوط ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

اس فلم کے شریک پروڈیوسر رونی سکریو والا ہیں جن کا کہنا ہے کہ 'جب میں نے ’نٹ کھٹ‘ کا سکرپٹ دیکھا تو فوراً ہی مجھے یہ خیال آیا کہ اس پر فلم بننی چاہیے۔ اس فلم میں بہت سارے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے اوراس میں اہم پیغام بھی ہے۔‘
ودیا بالن پہلی اداکارہ نہیں ہیں جو فلم ساز بننے جا رہی ہیں۔ اس سے قبل معروف اداکارہ پرینکا چوپڑا بھی فلمساز بن چکی ہیں اور ان کی کئی فلمیں آ چکی ہیں جبکہ تازہ فلم 'دی سکائی از پنک' جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے۔

 

پرینکا چوپڑا کے تصویر پر ہنگامہ

پرینکا چوپڑا کا ذکر ہوا ہے تو آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ آج کل بالی وڈ کی پکی چوپس کی ایک تصویر پر انہیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، تصویر میں وہ اپنے شوہر نک جونس کے ساتھ بیٹھی سگار پی رہی ہیں۔

پریانکا ان دنوں سگار پیتے ہوئے اپنی تصویر کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر

 
سوشل میڈیا پر پرینکا چوپڑا کو 'فیک' یعنی نقلی اور 'ہیپوکریٹ' یعنی منافق کہا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ پرینکا نے سانس کی تکلیف کے لیے بیداری پیدا کرنے اور طبی امداد کے لیے ایک مہم کی حمایت بھی کر رہی ہیں۔یہاں یہ بات بھی قبال ذکر ہے کہ گذشتہ سال پرینکا نے بتایا تھا کہ  وہ بچپن سے دمے کا شکار رہی ہیں۔
ایک صارف نے لکھا: ’دیوالی کے تہوار پر پرینکا چوپڑہ دمے کا شکار تھیں۔ اب وہ دمے سے بچنے کی دوا لے رہی ہیں۔ منفاقت اپنی بلندی پر ہے۔‘

 
فیض القریشی نامی ایک صارف نے ان کی دونوں تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: 'پہلی تصویر آپ کا سی وی ہے ۔ دوسری تصویر آپ کی اصلیت ہے۔

اکشے کمار بھی ٹرول کا شکار

اب جبکہ ٹرول کی بات چل نکلی ہے تو گذشتہ دو دنوں سے بالی وڈ اداکار اکشے کمار بھی ٹرول کا شکار نظر آ رہے ہیں۔
بالی وڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار کو ان کی ’موقع پرستی‘ کے لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

 

انڈیا کے خلائی ادارے اسرو نے پیر کو 'چندریان 2' کو کامیابی سے لانچ کیا جس کے لیے ادارے کو چہار جانب سے مبارکباد دی گئی۔
مبارکباد دینے والوں میں شاہ رخ خان کے ساتھ اکشے کمار بھی شامل تھے۔
اکشے نے لکھا: ’اسرو نے پھر سے ایک بڑا کارنامہ انجام دیا۔ اس ٹیم کو سلام جس نے چندریان 2 کی کامیابی کے لیے بے شمار دن گزارے۔‘

جس کے جواب میں کئی لوگوں نے ان کی کینیڈا کی شہریت کو نشانہ بنایا تو کئی لوگوں نے لکھا کہ ایک نئی فلم کا موضوع مل گیا۔
ایک نے جواب میں لکھا: ’سر، اخیر میں آپ جے کینیڈا لکھنا بھول گئے۔‘
ایک نے لکھا کہ 'ایک فلم کا سکرپٹ آ گیا کینیڈین کے پاس۔'
ایک صارف نے 'چندریان' کو 'کینیڈین یان' لکھا جبکہ ایک دوسرے نے کہا کہ ’ہندوستان کی تمام کامیابیاں اب کینیڈین اداکار کے لیے فلم کا سکرپٹ ہے۔‘

بالی وڈ کے سپر سٹارز میں شمار ہونے والے اکشے کمار کو ان کی ’موقع پرستی‘ کے لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے. فوٹو اے ایف پی

خیال رہے کہ اکشے کمار نے گذشتہ دنوں پاپولر تھیم پر کئی فلمیں بنائی ہیں جو کہ انڈیا کی موجودہ حکومت کے پروگرام سے متاثر نظر آتی ہیں۔
ان کی فلم ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘ ہو یا پھر ’پیڈ مین‘ یا کہ ان کی آنے والی فلم ’مشن منگل (مریخ)‘ سب کی سب پاپولر تھیم پر مبنی ہیں اور موجودہ حکومت کے پاپولر پروگرام سے ہم آہنگ ہیں۔

شیئر: