Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ اور تاجکستان ابو ظبی کی گرین لسٹ سے خارج

ابو ظبی نے ریاست آمد پر مسافروں کو قرنطینہ کی پابندیوں سے استثنیٰ دینے والے ممالک کی گرین لسٹ سے برطانیہ اور تاجکستان کو خارج کردیا ہے۔
اس کے بعد اب ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظبی آمد پر قرنطینہ کی پابندیوں پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔
عرب نیوز کے مطابق ابو ظبی کے محکمہ ثقافت اور سیاحت نے ٹویٹ کی کہ ’گرین لسٹ ممالک سے آنے والے مسافروں کو صرف ابو ظبی ہوائی اڈے پر ہی پی سی آر ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہوگی۔‘
برطانیہ اور تاجکستان کو رواں برس اپریل سے اس فہرست میں شامل کیا گیا تھا، جبکہ حال ہی میں مالٹا کو اس میں شامل کیا گیا ہے۔
برطانیہ نے متحدہ عرب امارات کو اپنی ریڈ لسٹ میں رکھا ہے جہاں ملک سے آنے والے مسافروں کو ان کی آمد کے بعد ہوٹلوں کے اندر آئسولیشن میں رہنا پڑتا ہے۔
محکمہ ثقافت اور سیاحت کے مطابق ’بین الاقوامی پیش رفت کی بنیاد پر گرین لسٹ میں شامل ممالک، خطوں اور علاقوں کے ناموں کو باقاعدگی اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔‘
محکمے کا کہنا ہے کہ ’اس فہرست کا اطلاق صرف ان ممالک پر ہوتا ہے جہاں سے مسافر آرہے ہیں، شہریت پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔‘

شیئر: