Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں کورونا پابندیوں میں نرمی، تاج محل کھولنے کا اعلان

وبا میں اضافے کے بعد وسط اپریل میں تاج محل کو دوبارہ بند کر دیا گیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں سیاحوں کی دلچسپی کے اہم مرکز تاج محل کو رواں ہفتے کھولا جا رہا ہے۔
پیر کو سامنے آنے والے بیان میں حکومت نے دو ماہ قبل وبائی صورتحال کے شدت اختیار کر جانے کے بعد بند کیے گئے تاج محل کو دوبارہ کھولنے کی تصدیق کی ہے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اپریل اور مئی کے مہینوں میں انڈیا میں کورونا کیسز اور وبا سے ہونے والی اموات بہت زیادہ ہو گئی تھیں، جس کے بعد لاک ڈاؤن سمیت دیگر پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔
حالیہ ہفتوں کے دوران انڈیا میں وبائی صورتحال قدرے بہتر ہوئی ہے جس کے بعد دارالحکومت نئی دلی اور ممبئی میں عائد پابندیاں نرم کی گئی ہیں۔
دنیا کے سات عجوبوں میں شمار کیا جانے والا تاج محل گزشتہ برس مارچ میں بند کیا گیا تھا۔
مغل حکمراں شاہجہاں کی جانب سے اپنی اہلیہ ممتاز محل کا بنایا گیا مقبرہ ستمبر میں کچھ پابندیوں کے ساتھ کھولا گیا تا ہم رواں برس اپریل کے وسط میں پھر بند کر دیا گیا تھا۔
شمالی ریاست اترپردیش میں واقع تاج محل کے اردگرد کا علاقہ وبا کی حالیہ شدید لہر کے دوران بری طرح متاثر ہوا تھا۔
آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے حکام کے مطابق تاج محل کو کھولتے ہوئے وبائی صورتحال میں حفاظتی اقدامات پر عمل کو لازم ٹھہرایا گیا ہے۔

شیئر: