Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک سفر، ایسٹرا زینیکا کی پہلی خوراک پر سرٹیفکیٹ دینے کا فیصلہ

ترجمان وزارت صحت کے مطابق جزوی سرٹیفکیٹ ویکسین سینٹر سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
حکومت پاکستان نے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کی ویکسینیشن کے باعث سفر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ویکسین کی پہلی ڈوز کے بعد ہی سرٹیفکیٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
ترجمان وزارت صحت سجاد شاہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو ایسٹرا زینیکا ویکسین کی پہلی ڈوز لگنے کے بعد جزوی سرٹیفکیٹ دے دیا جائے گا تاکہ ان کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے سفر میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘  
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر زعیم ضیا نے بھی پہلی خوراک پر ہی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دینے کی تصدیق کی ہے۔  
زعیم ضیا کے مطابق ’بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو ایسٹرا زینیکا ویکسین کے سرٹیفیکٹ کے لیے دوسری خوراک کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا، سفری دستاویز مکمل کرنے کے لیے پہلی خوراک پر ہی انہیں ایک خوراک لینے کا سرٹیفکیٹ فراہم کر دیا جائے گا۔‘ 

پہلی خوراک کے بعد ویکسینیشن سرٹیفیکٹ کہاں سے حاصل کریں؟  

ترجمان وزارت صحت کے مطابق بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو ایسٹرازینیکا ویکسین کی پہلی خوراک کے بعد ’جزوی سرٹیفکیٹ‘ جاری کر دیا جائے گا جو ویکسین سینٹر سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔  

زعیم ضیا کے مطابق سفری دستاویز مکمل کرنے کے لیے پہلی خوراک پر ہی سرٹیفکیٹ فراہم کر دیا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے بتایا کہ ’پہلی خوراک لینے کے بعد ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے لیے نادرا کے کسی سینٹر جانے کی ضرورت نہیں بلکہ جزوی سرٹیفکیٹ ویکسین سینٹر سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق بیرون ملک سفر کرنے کی دستاویزات دکھا کر ایسٹرا زینیکا ویکسین لگوا سکتے ہیں اور اسی ویکسین سینٹر سے اسی دن جزوی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لے سکتے ہیں۔‘  

’بیرون ملک سفر کرنے والے چار ہفتے بعد دوسری خوراک لے سکتے ہیں‘  

ترجمان وزارت صحت سجاد شاہ  نے مزید بتایا  کہ ’جن ممالک میں داخلے کے لیے ویکسین کی دو خوارکیں لینے کی شرط عائد کی گئی ہے، ان کی سہولت کے لیے پہلی خوراک لینے کے چار ہفتوں بعد دوسری خوراک دینے کی اجازت دے دی گئی ہے۔‘  

حکومت نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ایسٹرا زینیکا ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے مردوں کو لگانے کی اجازت دی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے کہا کہ ’ایسے افراد جنہیں سفری دستاویزات مکمل کرنے کے لیے ایسٹرازنیکا کی دوسری خوراک لینا ضروری ہے انہیں 12 ہفتوں کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا بلکہ چار ہفتوں یعنی 28 دن کے بعد وہ ایسٹرا زینیکا کی دوسری خوراک حاصل کر سکتے ہیں۔  
انہوں نے بتایا کہ ’ایسے افراد جو بیرن ملک ایسٹرا زینیکا کی پہلی خواراک حاصل کر چکے ہوں وہ دستاویزی ثبوت دکھا کر کسی بھی ویکسین سینٹر سے دوسری خوارک لے سکتے ہیں۔‘  
خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے بیرون ملک پاکستانیوں کو سفری مسائل کو حل کرنے کے لیے ایسٹرا زینیکا ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے مردوں کو لگانے کی اجازت دے دی ہے۔

شیئر: