Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلی سعودی فلم ’الرحلة‘ 9 عرب ملکوں میں دکھائی جائے گی  

فاکس سینما ریاض میں فلم کا پہلا شو پیش کیا گیا ہے( فوٹو الشرق الاوسط)
جاپان کے تعاون سے تیار کی گئی 4 ڈی ایکس ٹیکنالوجی کی حامل پہلی سعودی فلم ’الرحلة‘ اس ہفتے 9 عرب ملکوں کے سینما گھروں میں دکھائی جائے گی۔  
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے  کے مطابق منگا کمپنی نے فاکس سینما ریاض میں اس کا پہلا شو پیش کیا ہے۔ یہ پہلی سعودی جاپانی اینی میشن فلم مانی جارہی ہے۔ 
منگا کمپنی امیر محمد بن سلمان فلاحی ادارے ’مسک‘ کی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ 
فلم متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، سلطنت عمان، قطر، مصر، لبنان اور عراق وغیرہ میں دیکھی جاسکے گی۔ 
آئندہ ہفتے جاپان کے سینما گھروں میں دکھائے جانے کا پروگرام ہے۔ 
منگا کمپنی نے مارچ میں اس فلم کا عربی اور جاپانی زبانوں میں کلپ جاری کیا تھا جسے 30 ملین افراد نے دنیا بھر میں دیکھا تھا۔ عرب اور بین الاقوامی شائقین نے اس پر مثبت تبصرے کیے تھے۔
ٹویٹر پر فاکس سینما گروپ کے آفیشل پیج نے نئی فلم کی تشہیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جاپان کے تعاون سے تیار کی جانے والی پہلی سعودی کارٹون فلم بے مثال تخلیقی وژن کے ساتھ تاریخی خیالی واقعات کا مجموعہ ہے۔‘ 

یہ پہلی سعودی جاپانی اینی میشن فلم مانی جارہی ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

منگا کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر عصام بخاری نے کہا کہ یہ فلم جاپان کے  ماہرین کے تعاون سے تیار کی گئی ہے اور سعودی عرب میں فن کاروں کے اعلی معیار کا پتہ دے رہی ہے۔
  انہوں نے کہا کہ الرحلہ فلم مشرق وسطی کے تمام ملکوں میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں دکھائی جائے گی۔ اس سے سعودی ثقافت اور جزیرہ نمائے عرب کے تاریخی واقعات سے متعلق ہمارے وژن کو فروغ ملے گا۔ 
فلم کے سعودی صوتی اداکار نصار النصار نے کہا کہ ’ الرحلہ فلم میں کلیدی کردار ادا کرنے کا اعزاز حاصل ہوا- یہ فلم ٹیم ورک کی خوبصورت مثال ہے مجھے یقین ہے کہ یہ فلم شائقین پر اچھے اثرات ڈالے گی‘۔ 

شیئر: