فیروز خان کا شادی سے متعلق بیان، ’ایک سنبھلتی نہیں چار کرنے چلے ہیں‘
فیروز خان کا کہنا ہے کہ ’مجھے اور چھوٹی عمر میں شادی کرنی چاہیے تھی۔‘ (فوٹو: انسٹاگرام)
ابھی سوشل میڈیا پر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کے نکاح سے متعلق بیان کی بازگشت کم نہ ہوئی تھی کہ ایک اور مشہور شخصیت اپنے شادی سے متعلق بیان کی وجہ سے صارفین کے ریڈار پر ہیں۔
اداکار فیروز خان جنہوں نے ملالہ یوسفزئی کے بیان کی مذمت کی تھی اب خود اپنے ایک انٹرویو کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں۔
نجی چینل کے شو ’ٹائم آؤٹ ود احسن خان‘ کا ایک کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں احسن خان فیروز خان سے پوچھتے ہیں کہ کیا وہ یہ سوچتے ہیں کہ ’میں تو ابھی بچہ تھا میں نے بہت چھوٹی عمر میں شادی کر لی؟‘
جس پر فیروز خان جواب دیتے ہیں کہ ’نہیں، نہیں مجھے اور چھوٹی عمر میں (شادی) کرنی چاہیے تھی۔‘
احسن خان حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھتے ہیں ’واقعی؟‘
ابھی یہ شو آن ایئر تو نہیں ہوا ہے لیکن اس کے ایک کلپ نے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تبصروں کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
ایک صارف ثمرین نے لکھا کہ ’ایک سنبھالی نہیں جاتی ان سے چار کروا لو۔‘
بشریٰ صدیقی نامی انسٹاگرام صارف نے لکھا کہ ’اپنی بہن کے شوہر کو بھی یہ مشورہ دیں کہ ایک سے زیادہ شادیاں کریں اور پہلی بیویوں کو چھوڑتے جائیں آپ کی طرح۔‘
راجپوت گرل کے نام سے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی جانب سے لکھا گیا کہ ’باقی کوئی اور بات مانیں چاہے نہ مانیں شادی کی بات ماننی فرض ہے۔‘
نوواست6 کے نام سے انسٹاگرام ہینڈل نے لکھا کہ ’لو جی فرض پورے ہوتے نہیں سنتیں پوری کریں گے۔‘
مہوش زمان نامی صارف نے طنز کیا کہ ’چاہے پختگی کا لیول صفر ہو۔‘
فیروز خان نے ایک سال قبل شوبز چھوڑ کر ’اسلامی تعلیمات کے مطابق‘ زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا تاہم کچھ مہینے بعد ہی انہوں نے یہ کہہ کر شوبز میں دوبارہ واپسی کی تھی کہ انہیں ان کے ’شیخ نے حکم دیا ہے کہ وہ اندسٹری نہ چھوڑیں۔‘
فیروز خان 2018 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے، گزشتہ سال ان کی اپنی اہلیہ سے علیحدگی کی خبریں بھی گردش کرتی رہیں تاہم انہوں نے اس خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی۔