پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’کابینہ نے اسلامی بینکاری کے نظام کو فروغ دینے کے لیے اسلامی صکوک بانڈز اور اجارہ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔‘
منگل کو کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’کابینہ نے صکوک بانڈز کے اجرا کی وزارت خزانہ کی سمری کی مکمل منظوری دے دی ہے اور وزارت خزانہ اس میں مزید اثاثے بھی طے کر سکتی ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
’غریب افراد کو کاروبار کے لیے بلاسود قرضے فراہم کریں گے‘Node ID: 573496
-
فلم بنانے کے لیے 5 کروڑ تک کا قرضہ دیں گے:فواد چوہدریNode ID: 573576
-
عالمی معیشت وبا سے پہلے کی سطح پر واپس آگئی ہے، سروے رپورٹNode ID: 576276
واضح رہے کہ وزارت خزانہ نے صکوک بانڈز کے اجرا کے لیے اسلام آباد پشاور موٹروے، پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹر وے اور اسلام آباد ایکسپرس وے گروی رکھنے کی نشاندہی کی تھی جبکہ لاہور اور اسلام آباد کے ایئر پورٹس پر بھی صکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری مانگی گئی تھی جو کہ دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایف نائن پارک کو گروی رکھ کر صکوک بانڈز جاری کرنے کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کی گئی تھی جو کہ وزیراعظم نے مسترد کرتے ہوئے وزارت خزانہ کو عوامی مقامات کے بجائے دیگر اثاثوں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی تھی۔
’بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹنگ کے عمل میں لانا چاہتے ہیں‘
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ہر صورت بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹنگ کے عمل میں لانا چاہتی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ’انتخابی اصلاحات کا عمل صرف اس (بیرون ملک پاکستانیوں) نقطے پر رکا ہوا ہے اور اپوزیشن سمجھتی ہے کہ بیرون ملک پاکستانی عمران خان کا ووٹر ہے اور اپوزیشن اوورسیز کو انتخابی عمل سے باہر رکھنا چاہتی ہے۔‘
وزیر اطلاعات نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ’بیرون ملک پاکستانیوں نے ریکارڈ زرمبادلہ عمران خان پر اعتماد کر کے بھیجا، بیرون ملک مقیم پاکستانی نوازشریف، شہباز شریف اور آصف زرداری پر اعتماد نہیں کرتے۔‘
![](/sites/default/files/pictures/June/36476/2021/khan_cabinet1.jpg)