تیرتے بادلوں میں آرام و آسائش، شنگھائی میں ’دنیا کے بلند ترین ہوٹل‘ کا افتتاح
چین کے شہر شنگھائی میں دنیا کے سب سے بلند ہوٹل کو لوگوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس کا نام ’جے ہوٹل‘ ہے جو شنگھائی ٹاور کے 120 ویں فلور پر ہے، اور یہ دبئی میں برج خلیفہ کے بعد دنیا کی دوسری بلند ترین عمارت ہے۔ اس کی اونچائی 632 میٹر ہے۔
جے ہوٹل میں 165 کمرے ہیں اور اس میں 24 گھنٹے ذاتی بٹلر کی سہولت دی گئی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث اس ہوٹل کا افتتاح تاخیر کا شکار ہوا، لیکن اب اس نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے۔
لوگ اس ہوٹل میں موجود سات ریسٹورینٹس، بارز، سپا اور سوئمنگ پول سمیت ان تمام سہولتوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں جو کسی بھی چوٹی کے ہوٹل میں ہو سکتی ہیں۔
اس ہوٹل میں ایک رات قیام کا کرایہ 3088 یوآن یعنی 450 ڈالرز ہے، لیکن اس کے 34 سوٹس کا کرایہ اس سے کہیں زیادہ ہے۔
اس ہوٹل کے ’جے سوٹ‘ کا کرایہ 67 ہزار یوآن یعنی 10 ہزار ڈالرز سے زیادہ ہے۔
یہ ہوٹل چینی حکومت کے زیر انتظام چلنے والے جن جیانگ انٹرنیشنل ہوٹل کا حصہ ہے۔
سیلز اور مارکیٹنگ کی ڈائریکٹر رینی وو کا کہنا ہے کہ ’ہوٹل کے افتتاح کے وقت سے اس کی ویب سائٹ پر لوگوں کا ہجوم ہے جو اس کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں۔‘
’کوئی شک نہیں یہ ہمارے لیے بہت حوصلہ افزا بات ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی ہم اس بات کو بھی یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہمارے تمام مہمانوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔‘