’امیدوار کو حج پیکج کی رقم پیغام ملنے کے تین گھنٹے میں جمع کرانا ہوگی‘
درخواستیں دینے والوں کے نام پیغامات بھیجے جارہے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ اس سال فریضہ حج کی درخواستیں دینے والوں کو ایس ایم ایس رفتہ رفتہ بھیجے جائیں گے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ درخواستیں دینے والوں کے نام پیغامات دو بنیادوں پر بھیجے جارہے ہیں۔
پہلی بنیاد عمر کی زمرہ بندی ہے جیسے جیسے عمر کے مخصوص زمرے میں شامل امیدوار دستبردار ہوتے جائیں گے ویسے ویسے عمر کے دوسرے زمرے میں آنے والوں کو ایس ایم ایس بھیجے جائیں گے۔
دوسری بنیاد یہ ہے کہ آئندہ ایام میں جتنی نشستیں مہیا ہوں گی اسی کی بنیاد پر ایس ایم ایس روانہ کیے جائیں گے۔
اس سے قبل نائب وزیرحج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے الاخباریہ چینل سے گفتگو میں کہہ چکے ہیں کہ سب سے پہلے ان درخواست دہندگان کو ایس ایم ایس بھیجے جائیں گے جنہوں نے پہلے کبھی حج نہیں کیا ہوگا۔
نائب وزیر حج نے کہا ہے کہ جن درخواست دہندگان کو ایس ایم ایس بھیجے جارہے ہیں وہ حج کی حتمی منظوری کے پیغامات نہیں ہیں۔ حتمی منظوری تمام شرائط مکمل کرنے کے بعد ہی دی جائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ جب امیدوار درخواست کی ساری کارروائی مکمل کرلے گا تو اسے پیکیج کی رقم جمع کرانے کے لیے نمبر بھیجا جائے گا۔
پیکیج کی رقم نمبر ملنے کے تین گھنٹے کے اندر جمع کرانا ہوگی۔ اگر اس دوران اس نے رقم جمع نہ کرائی تو ایسی صورت میں اس کی اصولی بکنگ منسوخ ہوجائے گی اور کسی شخص کو اس کا موقع دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر امیدوار کو حج کا اجازت نامہ اس نوٹ کے ساتھ جاری کردیا جائے گا کہ اس نے کورونا کی صرف ایک ویکسین لی ہے دوسری نہیں اور وہ اس حوالے سے کارروائی مکمل کرے تو اسے حج اجازت نامے کی بنیاد پر ویکسین کی دوسری خوراک کسی رکاوٹ کے بغیر مل جائے گی۔
ڈاکٹر مشاط کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص حج اندراج منسوخ کرنا چاہتا ہو تو وزارت نے اپنی ویب سائٹ پر اس کا آپشن دیا ہوا ہے۔ ضروری ہوگا کہ درخواست کی کارروائی مکمل ہونے سے قبل معذرت پیش کردے تاکہ آئندہ کسی مشکل سے دوچار نہ ہو۔