پہلی کیٹگری ’منی ٹاورز‘ جبکہ دوسری خیموں کی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ حج رجسٹریشن کا پہلہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد دوسرے مرحلے کا آغاز آج سے کیاجارہا ہے۔ پہلے مرحلے میں 5 لاکھ 58 ہزار 270 افراد نے رجسٹریشن کرائی ہے۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں کامیاب ہونے والے عازمین کو حج پیکیجز خریدنے کے لیے دوہفتے کی مہلت دی جائے گی۔
حج پیکیجزکی بکنگ کا اختتام بروز جمعہ 29 ذی القعدہ کو کیاجائے گا۔ امسال فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے اب تک جو درخواستیں موصول ہوئی ہیں ان میں 59 فیصد مرد جبکہ 41 فیصد خواتین شامل ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں رجسٹریشن کرانے والوں میں 31 سے 40 برس کی عمر کے افراد کا تناسب 38 فیصد ہے جبکہ 21 سے 30 برس 26 فیصد ، 41 سے 50 برس 20 فیصد ، 60 برس سے زائد عمر کے 2 فیصد شامل ہیں ۔
خیال رہے امسال حج کے لیے وزارت کی جانب سے 3 پیکیجز متعارف کرائے گئے ہیں جن میں پہلا پیکیج منی ٹاورگیسٹ کا ہے جس کی قیمت 16 ہزار 560 ریال ہے۔
دوسرا پیکیج خیموں کا ہے جسے گیسٹ الف کا نام دیا گیا ہے جو 14 ہزار 381 ریال ہے جبکہ تیسرا پیکیح ’گیسٹ 3 ‘ ہے اس کی قیمت 12 ہزار 113 ریال ہے۔ مذکورہ قیمتوں میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل نہیں جو 15 فیصد کے حساب سے ادا کرنا ہوگا۔
کورونا وائرس کی وجہ سے امسال مملکت کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہی محدود تعداد میں حج کی اجازت دی جارہی ہے۔
حج کے لیے لازمی ہے کہ درخواست گزار کورونا ویکسین کی ایک یا دونوں خوراکیں لے چکا ہو جس کی نشاندہی توکلنا ایپ پرہونا لازمی ہے۔ جبکہ عازمین کےلیے عمر کی حد 18 سے 65 برس مقرر کی گئی ہے